خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 37 اضلاع میں سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، امن و امان اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے 160 ارب 18 کروڑ روپے کا ترقیاتی پیکیج تجویز کردیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 12 منتخب اضلاع میں 430 ترقیاتی اسکیموں کے لیے 96 ارب 97 کروڑ روپے سے زائد جبکہ باقی 25 اضلاع میں 219 منصوبوں کے لیے 63 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ترقیاتی پروگرام میں 100 اور 180 دنوں کے اندر مکمل ہونے والی اسکیموں کے ساتھ طویل المدتی منصوبے بھی شامل ہیں۔
ترقیاتی پیکیج کے تحت منتخب اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ان منصوبوں میں اہم شاہراہوں کی بہتری کے علاوہ ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم منصوبہ بھی شامل ہیں۔ پشاور میں ناصر باغ روڈ کی توسیع و خوبصورتی، رنگ روڈ کے نامکمل رابطہ راستوں کی تکمیل اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے انڈر پاسز کی تعمیر بھی مجوزہ منصوبوں کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 88 واٹر سپلائی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
ترقیاتی پروگرام میں امن و امان کے 62 منصوبوں کے لیے 39 ارب 19 کروڑ روپے، صحت کی 41 اسکیموں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے اور تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ 70 اسکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور 409 تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ صوبے کے دیگر 25 اضلاع میں بھی صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر سرمایہ کاری کی جائے گی، جبکہ انسداد دہشت گردی کے محکمے کے نئے مراکز کے قیام اور پولیس کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کو بھی ترقیاتی پیکیج کا حصہ بنایا گیا ہے۔