تاریخ اشاعت: June 16, 2026 - 6:04 PM
Pakistan Plans to Establish First Modern Greenfield Refinery in Hub at a Cost of $4.5 Billion
حب میں 4.5 ارب ڈالر کی لاگت سے پہلی جدید گرین فیلڈ ریفائنری بنائی جائے گی
▫️سپیک ریفائنری منصوبے سے توانائی تحفظ مضبوط ہوگا، درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی
پاکستان میں توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت بلوچستان کے علاقے حب میں ملک کی پہلی جدید ڈیپ کنورژن گرین فیلڈ ریفائنری قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جس پر تقریباً 4.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
سپیک ریفائنری پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین ظفر شیخ نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے ملاقات کی، جس میں منصوبے پر پیش رفت، حکومتی معاونت اور ضروری ریگولیٹری منظوریوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس منصوبے کو پاکستان کے توانائی تحفظ، صنعتی ترقی اور درآمدی انحصار میں کمی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وفد نے وزیر تجارت کو منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مجوزہ ریفائنری جدید ڈیپ کنورژن ٹیکنالوجی استعمال کرے گی، جس کے ذریعے مختلف عالمی منڈیوں سے حاصل کیے جانے والے خام تیل کو پراسیس کر کے زیادہ قدر رکھنے والی پیٹرولیم مصنوعات تیار کی جا سکیں گی۔
ملاقات کے دوران وفد نے گرین فیلڈ ریفائنری پالیسی پر عملدرآمد میں سہولت فراہم کرنے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے درکار باقی ریگولیٹری منظوریوں کے اجرا کو تیز کرنے کی درخواست کی، تاکہ منصوبے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ظفر شیخ نے وزیر تجارت کو بتایا کہ منصوبے پر ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ عملی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ حب اور اطراف کے علاقوں میں تعمیراتی اور آپریشنل مراحل کے دوران براہ راست اور بالواسطہ طور پر تقریباً 2 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنری منصوبہ علاقائی معاشی ترقی، ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی وسعت اور ڈاؤن سٹریم پیٹروکیمیکل صنعتوں کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سٹریٹجک جغرافیائی حیثیت، بڑی مقامی مارکیٹ، تجارتی راہداریوں اور علاقائی رابطوں کے باعث بڑے صنعتی اور توانائی منصوبوں کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی چین کے سنگم پر واقع پاکستان تجارت، توانائی، لاجسٹکس اور مینوفیکچرنگ کے علاقائی مرکز میں تبدیل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔