تاریخ اشاعت: September 7, 2026 - 12:29 PM
Home Prices Fall Fastest in Major US Cities as Housing Market Cools
امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ میں بڑی تبدیلی، 36 بڑے شہروں میں گھروں کی قیمتیں گر گئیں
▫️بلند مارگیج ریٹس، کمزور طلب اور بڑھتی سپلائی نے فروخت کنندگان کو قیمتیں کم کرنے پر مجبور کردیا، ملک بھر میں فی مربع فٹ قیمت مسلسل 10ویں ماہ سالانہ بنیادوں پر نیچے آگئی
نیویارک | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوز امریکی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں قیمتوں کا دباؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور ملک کے بڑے ہاؤسنگ مراکز میں فروخت کنندگان کو اپنی توقعات پر نظرثانی کرنا پڑ رہی ہے۔
امریکی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں قیمتوں کا دباؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور ملک کے بڑے ہاؤسنگ مراکز میں فروخت کنندگان کو اپنی توقعات پر نظرثانی کرنا پڑ رہی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں امریکہ کے 50 بڑے میٹروپولیٹن علاقوں میں سے 36 میں گھروں کی فی مربع فٹ اوسط قیمت سالانہ بنیادوں پر کم ہوئی، جسے مارکیٹ میں جاری بڑی قیمتوں کی تصحیح کا واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
'رئیلٹر ڈاٹ کام' کے مطابق قومی سطح پر گھروں کی فی مربع فٹ اوسط قیمت میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر 1.8 فیصد کمی ہوئی، جبکہ مجموعی طور پر اوسط قیمت بھی 1.3 فیصد نیچے آئی۔ فی مربع فٹ قیمت میں کمی کا سلسلہ مسلسل 10ویں ماہ جاری رہا۔
سب سے نمایاں کمی آسٹن، ٹیکساس میں ریکارڈ کی گئی جہاں فی مربع فٹ قیمت 8.1 فیصد کم ہوئی۔ اس کے بعد ٹمپا، فلوریڈا میں 5.6 فیصد اور میمفس میں 4.1 فیصد کمی ہوئی۔ سان فرانسسکو میں 3.9 فیصد، سان انتونیو میں 3.6 فیصد اور ڈینور میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
علاقائی صورتحال بھی امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ پر بڑھتے دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔ شمال مشرقی خطے میں گھروں کی اوسط قیمت 3.6 فیصد، جنوبی خطے میں 2.6 فیصد اور مغربی خطے میں 2.1 فیصد کم ہوئی، جبکہ مڈویسٹ میں مجموعی قیمتیں تقریباً مستحکم رہیں۔
مارکیٹ میں قیمتوں کے دباؤ کی بنیادی وجوہات میں بلند مارگیج ریٹس، خریداروں کی کمزور قوتِ خرید، مقامی سطح پر طلب اور رسد کا بدلتا توازن اور فروخت کنندگان کی جانب سے قیمتوں میں کمی شامل ہیں۔ اگست میں 20.4 فیصد فعال لسٹنگز میں قیمت کم کی گئی، جو 2026 میں پہلی بار گزشتہ سال کی اسی سطح تک پہنچ گئی۔
مارگیج ریٹس میں اضافہ بھی خریداروں کے لیے مشکلات بڑھا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اگست میں ماہانہ اوسط مارگیج ریٹ 6.67 فیصد رہا، جو فروری 2026 کی 6.05 فیصد کی سالانہ کم ترین اوسط سے نمایاں زیادہ ہے۔ بلند قرض لاگت نے خریداروں کی قوتِ خرید محدود کی ہے اور کئی علاقوں میں طلب کو متاثر کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی مارکیٹ میں فعال ہاؤسنگ انوینٹری میں بھی اضافہ ہوا۔ اگست میں فعال لسٹنگز کی تعداد سالانہ بنیادوں پر 3.6 فیصد بڑھ کر تقریباً 11 لاکھ 40 ہزار ہوگئی، تاہم یہ تعداد اب بھی وبا سے پہلے کے معمول کے مقابلے میں 11.1 فیصد کم ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ہر شہر میں قیمتیں نہیں گریں۔ پروویڈنس میں فی مربع فٹ قیمت 9.3 فیصد، انڈیاناپولس میں 4.4 فیصد اور شکاگو میں 3.6 فیصد بڑھی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ میں صورتحال شہر بہ شہر مختلف ہے۔
تجزیے کے مطابق وبا کے دوران جن مارکیٹوں میں گھروں کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی آئی تھی، وہ اب زیادہ سخت تصحیح سے گزر رہی ہیں۔ کم مارگیج ریٹس، مضبوط طلب اور آبادی کی منتقلی نے اس عرصے میں قیمتوں کو تیزی سے اوپر پہنچایا تھا، لیکن بلند قرض لاگت اور کم ہوتی affordability نے اب اسی رفتار کو برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔
تاہم موجودہ صورتحال کو ملک گیر ہاؤسنگ بحران قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ Realtor.com کے اعداد و شمار کے مطابق قیمتوں میں کمی کا رجحان وسیع ضرور ہے، لیکن کمی کی رفتار بعض شعبوں میں سست ہوئی ہے۔ ماہرین آئندہ مہینوں میں قیمتوں میں مزید کمی، قیمتوں میں بار بار کمی کی حکمت عملی اور مختلف خطوں میں انوینٹری کے رجحان کو اہم اشاروں کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
امریکی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں موجودہ تبدیلی نے ایک بات واضح کر دی ہے وہ یہ کہ وہ دور کمزور پڑ رہا ہے جب فروخت کنندگان اپنی مرضی کی بلند قیمتیں مقرر کرکے خریداروں سے فوری سودے کی توقع کرتے تھے۔ اب خریداروں کی قوتِ خرید، مقامی طلب، دستیاب انوینٹری اور جائیداد کی حقیقت پسندانہ قیمت مارکیٹ کے رخ کا تعین کرنے میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے۔