تاریخ اشاعت: November 7, 2026 - 12:01 PM
New Zealand Housing Market Enters Holding Pattern as Sellers Wait
فروخت کنندگان کے انتظار کے باعث نیوزی لینڈ کی ہاؤسنگ مارکیٹ جمود کا شکار
▫️ اوسط طلبی قیمتوں میں 2.7 فیصد کمی؛ اکتوبر میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی جائیدادوں کا تناسب سات برس کی کم ترین سطح پر
نیوزی لینڈ میں غیریقینی صورتِ حال کے باعث بعض فروخت کنندگان نے اپنی جائیدادیں فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا، جس سے اکتوبر میں ملک بھر کی ہاؤسنگ مارکیٹ جمود کا شکار رہی۔
دوسری جانب ویب سائٹ پر فروخت کے لیے موجود رہائشی جائیدادوں کی مجموعی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 11.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2014 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ میں نیلامی کے ذریعے فروخت کی سرگرمی میں بھی کمی کی نشاندہی کی گئی۔ اکتوبر میں نئی فہرستوں میں سے صرف 22.1 فیصد جائیدادیں نیلامی کے لیے پیش کی گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ تناسب 26.2 فیصد تھا۔ ویب سائٹ Realestate.co.nz کی چیف ایگزیکٹو سارہ وُڈ نے کہا ہے کہ نیلامی کو عموماً فروخت کنندگان کے اعتماد کی علامت سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس طریقے میں فروخت کے لیے ایک مقررہ تاریخ طے کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، رواں سال اکتوبر میں نیلامی کے لیے پیش کی گئی جائیدادوں کا تناسب سات برس کی کم ترین سطح پر رہا۔
ملک بھر میں جائیدادوں کی اوسط طلبی قیمت 840,380 نیوزی لینڈ ڈالر رہی، جو اکتوبر 2025 کے مقابلے میں 2.7 فیصد کم ہے۔ آکلینڈ میں اوسط قیمت 5.2 فیصد گھٹ کر 984,527 ڈالر ہوگئی۔ یہ مسلسل دوسرا مہینہ تھا جب شہر میں اوسط طلبی قیمت 10 لاکھ ڈالر سے کم رہی۔
بعض علاقوں میں قیمتوں میں سالانہ کمی زیادہ رہی۔ گِسبورن میں اوسط طلبی قیمت 11 فیصد گر کر 691,149 ڈالر، جبکہ ہاکس بے میں 10.1 فیصد کمی کے بعد 715,918 ڈالر رہی۔ ماضی میں دونوں علاقے ملک کی نسبتاً تیزی سے بڑھتی ہوئی جائیداد مارکیٹوں میں شمار ہوتے تھے۔ وُڈ کے مطابق نئی فہرستوں میں کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن فروخت کنندگان پر فوری طور پر گھر بیچنے کا دباؤ نہیں، وہ ممکنہ طور پر انتخابات کے بعد تک انتظار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیریقینی حالات میں لوگ گھر خریدنے یا فروخت کرنے جیسے بڑے فیصلے مؤخر کر دیتے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ انتخابات کے بعد انتظار کرنے سے واقعی کوئی فرق پڑے گا یا نہیں۔