تاریخ اشاعت: November 14, 2026 - 11:01 AM
US Housing Market Recovery Hinges on Mortgage Rate Relief, Survey Finds
امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ کی بحالی کا انحصار رہن قرضوں پر شرحِ سود میں کمی پر ہوگا: سروے رپورٹ
▫️ تقریباً دو تہائی رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے مطابق خریداروں کی طلب میں نمایاں اضافے کیلئے 30 سالہ رہن قرضوں کی شرحِ سود 6 فیصد سے کم ہونا ضروری ہے
امریکا کی ہاؤسنگ مارکیٹ کی پائیدار بحالی کا انحصار رہن قرضوں کی شرحِ سود میں کمی پر ہوگا۔
رئیل ریمیکس گروپ کا ایجنٹ آپٹیمزم انڈیکس، جو صفر سے 100 کے پیمانے پر ایجنٹس کے آئندہ 12 ماہ کے بارے میں اعتماد کو جانچتا ہے، ستمبر میں کم ہو کر 45.8 رہ گیا، جبکہ اگست میں یہ 54.3 تھا۔ انڈیکس میں کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایجنٹس کو تشویش ہے کہ رہن قرضوں کی بلند شرحِ سود مزید خریداروں کو مارکیٹ میں آنے سے روکے گی۔
ادارے کے حالیہ ماہانہ سروے میں 177 ایجنٹس میں سے 65 فیصد نے کہا کہ خریداروں کی طلب میں نمایاں اضافے کے لیے 30 سالہ رہن قرضوں کی شرحِ سود 6 فیصد سے کم ہونا ضروری ہے۔ 37 فیصد ایجنٹس کے خیال میں شرحِ سود 5.5 فیصد سے نیچے آنی چاہیے۔ بلند شرحِ سود کے اثرات پہلے ہی ہاؤسنگ سرگرمیوں پر دکھائی دے رہے ہیں۔ سروے میں شامل دو تہائی ایجنٹس نے بتایا کہ خریدار گھر کی تلاش روک رہے ہیں یا اسے مؤخر کر رہے ہیں۔ فروخت کنندگان بھی انتظار کر رہے ہیں۔ 39 فیصد ایجنٹس کے مطابق ممکنہ فروخت کنندگان نے اپنے گھر فروخت کے لیے پیش کرنے کا منصوبہ ملتوی کر دیا ہے۔
مارکیٹ کی سست روی کے باعث بعض فروخت کنندگان قیمت اور شرائط میں نرمی دکھا رہے ہیں۔ 35 فیصد ایجنٹس نے بتایا کہ فروخت کنندگان اپنی مطلوبہ قیمت کم کر رہے ہیں، جبکہ 34 فیصد کے مطابق وہ خریداروں کو راغب کرنے کے لیے اضافی رعایتیں بھی دے رہے ہیں۔
قیمتوں کے بارے میں توقعات بھی کمزور ہو رہی ہیں۔ اگر رہن قرضوں کی شرحِ سود اگلے سال بھی تقریباً 7 فیصد رہی تو سروے میں شامل تقریباً 60 فیصد ایجنٹس کو گھروں کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ لگ بھگ 33 فیصد ایجنٹس نے قیمتوں میں 5 فیصد سے زیادہ کمی کی توقع ظاہر کی۔
ریئل ریمیکس گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو تمیر پولیگ نے سروے کے نتائج کے ساتھ جاری بیان میں کہا ہے کہ ’’رہن قرضوں کی بلند شرحِ سود پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہاؤسنگ مارکیٹ پر مزید دباؤ ڈال رہی ہے۔‘‘
پولیگ کے مطابق خریداروں کو اب مذاکرات میں زیادہ برتری حاصل ہے، تاہم گھروں کی قیمتوں تک رسائی اور ادائیگی کی استطاعت اب بھی بڑی رکاوٹ ہے، جس کے باعث بہت سے افراد گھر کی تلاش مؤخر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سرگرمیوں کی پائیدار بحالی کا انحصار رہن قرضوں کی شرحِ سود میں بامعنی کمی پر ہوگا۔
سروے کے نتائج گولڈمین سیکس کی 2027 کے لیے امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ کی پیش گوئی سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ ادارے کے ماہرینِ معاشیات کو موجودہ گھروں کی فروخت اور نئے گھروں کی تعمیر میں کمی کا امکان ہے۔ ان کے اندازے کے مطابق اگلے سال موجودہ گھروں کی فروخت 3.9 ملین رہ سکتی ہے، جبکہ قیمتوں میں معمولی، یعنی 0.8 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
گولڈمین سیکس کے ماہرینِ معاشیات رونی واکر اور ڈیوڈ میرکل کے مطابق جن گھر مالکان نے 2020 اور 2021 میں کم شرحِ سود پر اپنے رہن قرضوں کی نئی شرائط طے کی تھیں، انہیں موجودہ بلند شرحوں کے ماحول میں گھر منتقل ہونے پر نمایاں مالی لاگت کا سامنا ہو سکتا ہے۔