تاریخ اشاعت: August 8, 2026 - 5:02 PM
12 Local and Foreign Investors Enter Race for FESCO Privatisation
فیسکو کی نجکاری کیلئے 12 ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بھی میدان میں آگئے
▫️تین ترک، ایک چینی اور آٹھ پاکستانی سرمایہ کاروں نے 51 سے 100 فیصد شئیرز اور انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کیلئے دلچسپی ظاہر کردی
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کے لیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد سامنے آگئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 12 سرمایہ کاروں اور کاروباری گروپس نے کمپنی کے شئیرز خریدنے کے لیے دلچسپی کے اظہار کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔
نجکاری کمیشن کے مطابق سرمایہ کار فیسکو کے 51 سے 100 فیصد تک شئیرز خریدنے کے ساتھ کمپنی کا انتظامی کنٹرول حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
دلچسپی ظاہر کرنے والے 12 امیدواروں میں ترکی کی تین کمپنیاں، چین کی ایک کمپنی اور پاکستان کے آٹھ سرمایہ کار یا کاروباری گروپس شامل ہیں۔
پاکستانی سرمایہ کاروں میں اینگرو انرجی لمیٹڈ، سیفائر فائبرز لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز اور لکی سیمنٹ کا مشترکہ گروپ، شیرازی انویسٹمنٹس یعنی اٹلس گروپ، میپل لیف سیمنٹ اور کوہ نور ٹیکسٹائل کا مشترکہ گروپ، نشاط ملز اور پاک الیکٹرون لمیٹڈ کا مشترکہ گروپ، آرٹسٹک ملینرز اور کے الیکٹرک شامل ہیں۔
چین کی جانب سے جیانگ شی الیکٹرک پاور کنسٹرکشن نے فیسکو کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ترکی سے اکٹور الیکٹرک انرجی یاتریملاری، جین ویرا انرجی (سیلک گروپ) اور چنگیز انرجی صنعت و تجارت نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
نجکاری کمیشن کے مطابق اب تمام اظہار دلچسپی کی درخواستوں اور اہلیت سے متعلق دستاویزات کا منظور شدہ معیار کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔
شرائط پوری کرنے والے سرمایہ کاروں کو اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں فیسکو کے مالی، انتظامی اور کاروباری ریکارڈ تک محفوظ آن لائن رسائی دی جائے گی تاکہ وہ کمپنی کی مالی اور عملی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی نے فیسکو کیلئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا مقصد ان کی کارکردگی بہتر بنانا، بجلی کے نقصانات کم کرنا، تقسیم کے نظام کو جدید بنانا اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔
فیسکو ان تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں شامل ہے جنہیں نجکاری کے پہلے مرحلے میں رکھا گیا ہے۔ دیگر دو کمپنیوں میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) شامل ہیں۔
گیپکو کی نجکاری کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 جبکہ آئیسکو کیلئے آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔