تاریخ اشاعت: November 25, 2026 - 12:01 PM
Supreme Court Orders Auqaf Department to Return Privately Owned Shrine Land in Hafizabad
سپریم کورٹ کا محکمہ اوقاف کو حافظ آباد میں نجی ملکیتی دربار کی اراضی اصل مالک کو واپس کرنے کا حکم
▫️ نجی اراضی پر تعمیر کردہ مزار مالک کی رضامندی کے بغیر وقف املاک میں شامل نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ
سپریم کورٹ آف پاکستان نے قرار دیا ہے کہ نجی ملکیتی اراضی پر تعمیر کردہ مزار محض عوام کی آمدورفت اور نذرانوں کی وصولی کی بنیاد پر خودبخود وقف جائیداد نہیں بن سکتا۔
یہ تنازع ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے موضع ٹاولے والی میں واقع پانچ کنال تین مرلے اراضی سے متعلق ہے، جسے محمد حسین نے مارچ 1988 میں رجسٹرڈ بیع نامے کے ذریعے خریدا تھا۔ سال 1993 میں خاندان کے ایک فرد کی وفات اور تدفین کے بعد اسی زمین پر مزار تعمیر کیا گیا، تاہم محکمہ اوقاف نے 2003 میں مزار اور اس سے منسلک اراضی کا انتظام و انصرام اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ مزار پر عوام کی حاضری اور نذرانوں کی ادائیگی سے مالک کی رضامندی کے بغیر نجی اراضی قانونی طور پر وقف جائیداد قرار نہیں دی جاسکتی۔
سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ فیصلے کی وصولی کے 30 روز کے اندر متعلقہ اراضی، مزار اور اس سے منسلک تعمیرات کا انتظام، کنٹرول اور قبضہ محمد حسین کے حوالے کیا جائے۔ عدالت نے محکمہ ریونیو کو بھی حکم دیا کہ غیر قانونی نوٹیفکیشن کی بنیاد پر اراضی کے ملکیتی ریکارڈ میں کیے گئے اندراجات کی ضروری تصحیح کی جائے۔ تاہم پہلے سے اوقاف فنڈ میں جمع کرائی گئی رقوم کو دوبارہ زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ آئین اور متعلقہ قوانین میں مقرر کردہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کسی شہری کو اس کی نجی جائیداد کے حق سے محروم نہیں کرسکتا۔