تاریخ اشاعت: April 10, 2026 - 12:50 PM
77 Kanals of State Land Worth Rs 192.3 Million Retrieved on Ombudsman Punjab’s Orders
محتسب پنجاب کے احکامات پر 19 کروڑ 23 لاکھ روپے مالیت کی 77 کنال سرکاری اراضی واگزار
▫️مختلف سرکاری محکموں کی زمین سے غیر قانونی قبضہ ختم، دکانیں بھی مسمار کر دی گئیں، عوامی سطح پر خراجِ تحسین
لاہور | ری نیوز پاکستان صوبائی محتسب پنجاب کے احکامات پر 77 کنال سرکاری زمین، جس کی مالیت تقریباً 19 کروڑ 23 لاکھ روپے ہے، ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی ہے۔ محتسب پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ زمین مختلف سرکاری محکموں کی ملکیت...
صوبائی محتسب پنجاب کے احکامات پر 77 کنال سرکاری زمین، جس کی مالیت تقریباً 19 کروڑ 23 لاکھ روپے ہے، ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی ہے۔
محتسب پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ زمین مختلف سرکاری محکموں کی ملکیت تھی جس پر طویل عرصے سے غیر قانونی قبضہ قائم تھا اور اس پر غیر مجاز تجارتی دکانیں بھی تعمیر کی گئی تھیں۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ محکمے قابضین کے انخلاء کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے تھے، تاہم صوبائی محتسب کی مداخلت اور احکامات کے بعد مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ زمین کی واگزاری سے قبل قانونی تقاضوں کے مطابق اس کی باقاعدہ حدبندی بھی کی گئی۔
محتسب پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کے دوبارہ قبضے کو روکنے کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کارروائی محتسب پنجاب کے غیر جانبدار اور نتیجہ خیز کردار کی عکاس ہے جو سرکاری زمینوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ شکایت کنندگان اور مقامی رہائشیوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بروقت اور قانون کی حکمرانی کے لیے اہم قرار دیا۔