تاریخ اشاعت: October 5, 2026 - 9:01 AM
Bill Submitted in Punjab Assembly to Register Minorities’ Inheritance, Gifts Under Succession Act 2025
سکسیشن ایکٹ 2025 کے تحت اقلیتوں کی وراثت، تحائف اور ہبہ کی رجسٹریشن کی تجویز، پنجاب اسمبلی میں بل جمع
▫️ نادرا میں وراثتی معاملات کا ریکارڈ مرتب ہوگا، 101 سالہ پرانا اقلیتی وراثتی بل بدل جائے گا
لاہور | ری نیوز پاکستان پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے وراثتی اور جائیداد سے متعلق حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے سکسیشن ایکٹ 2025 کے تحت وراثتی معاملات کو نادرا کے ریکارڈ سے منسلک کرنے اور جائیداد کی تقسیم کے دوران تحائف اور ہبہ کو...
پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے وراثتی اور جائیداد سے متعلق حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے سکسیشن ایکٹ 2025 کے تحت وراثتی معاملات کو نادرا کے ریکارڈ سے منسلک کرنے اور جائیداد کی تقسیم کے دوران تحائف اور ہبہ کو بھی باقاعدہ رجسٹر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
مجوزہ قانونی انتظام کے تحت وراثت سے متعلق معاملات نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں رجسٹرڈ کیے جائیں گے، جس کا مقصد وراثتی جائیداد کی منتقلی اور تقسیم کے عمل کو زیادہ شفاف اور دستاویزی بنانا ہے۔
اس کے ساتھ وراثت کی تقسیم پر اثرانداز ہونے والے تحائف اور ہبہ کو بھی رجسٹریشن کے دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ اس اقدام سے جائیداد کی ملکیت، منتقلی اور ورثا کے حصوں کے تعین سے متعلق معاملات کا باقاعدہ ریکارڈ دستیاب ہوسکے گا اور مستقبل میں پیدا ہونے والے ممکنہ تنازعات کے حل میں بھی مدد مل سکے گی۔
یہ بل چئیر مین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر جمع کروایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجوزہ بل اقلیتی برادریوں کے وراثتی حقوق کے تحفظ اور ان سے متعلق قانونی طریقہ کار کو واضح کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی قانون سازی سے نہ صرف متعلقہ صوبے میں اقلیتوں کو اپنے وراثتی معاملات کے لیے ایک واضح قانونی طریقہ کار میسر آئے گا بلکہ دیگر صوبوں کو بھی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثبت اور مؤثر قانون سازی کی ترغیب مل سکتی ہے۔
مجوزہ بل میں وراثتی معاملات کی باقاعدہ دستاویز بندی بالخصوص اہم تصور کی جارہی ہے، کیونکہ رجسٹریشن کے ذریعے جائیداد کی منتقلی، تحائف، ہبہ اور ورثا کے حقوق سے متعلق ریکارڈ کو زیادہ منظم بنایا جاسکے گا۔
قانون سازی کی منظوری اور نفاذ کی صورت میں اقلیتی برادریوں کے وراثتی معاملات کے لیے ایک باقاعدہ قانونی اور انتظامی فریم ورک میسر آنے کی توقع ہے، جبکہ نادرا میں رجسٹریشن سے متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق اور وراثتی امور میں شفافیت بڑھانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔