تاریخ اشاعت: May 12, 2026 - 10:00 AM
BOI, Chinese Embassy Move to Boost Investment Cooperation Under CPEC Phase-II
سی پیک فیز ٹو کے تحت سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کے لیے بی او آئی اور چینی سفارت خانے کی کوششیں تیز
▫️سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کے صنعتی اور مینوفیکچرنگ شعبوں میں چینی نجی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے: قیصر احمد شیخ
وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں چینی قونصلر یانگ گوانگ یوان سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت دوطرفہ سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سی پیک فیز ٹو کے مستقبل کے روڈ میپ پر خصوصی توجہ دی گئی، خاص طور پر پاکستان کے مینوفیکچرنگ، صنعتی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز میں چینی نجی شعبے کی کمپنیوں سے عملی اور نتیجہ خیز سرمایہ کاری لانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
دونوں جانب سے جاری خصوصی اقتصادی زونز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور انہیں صنعتی ترقی کے کامیاب ماڈلز میں تبدیل کرنے کی حکمت عملیوں پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو پاکستان کے صنعتی شعبے میں چینی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع رکھتا ہے، تاہم بامعنی سرمایہ کاری نتائج کے حصول کے لیے متعلقہ فریقین کے درمیان بہتر رابطہ کاری، مؤثر ابلاغ اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل معلوماتی خلا اور سکیورٹی سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے مزید کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کے مطابق ان رکاوٹوں کے خاتمے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور چینی کمپنیاں پاکستان کے صنعتی اور برآمدی شعبوں میں مزید دلچسپی لیں گی۔
چینی قونصلر یانگ گوانگ یوان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے معلوماتی خلا کو کم کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ متعدد وفود پاکستان کا دورہ کرتے ہیں، تاہم ان دوروں کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی شرح تاحال محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ، چینی سفارت خانے کے تعاون سے سرمایہ کاروں میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں متعلقہ پاکستانی حکام سے مؤثر انداز میں منسلک کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ چینی قونصلر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرمایہ کاروں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں تاکہ پاکستان پر اعتماد اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے امکانات مضبوط ہوں۔
یانگ گوانگ یوان کا کہنا تھا کہ چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطہ کاری سرمایہ کاری تجاویز کی ساکھ بہتر بنانے میں مدد دے گی، کیونکہ سفارت خانے کی تائید یافتہ منصوبہ جات چینی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ قابل اعتماد تصور کیے جاتے ہیں۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ مجوزہ رابطہ کاری نظام کے تحت بورڈ آف انویسٹمنٹ منصوبوں کی تفصیلات پیشگی چینی سفارت خانے کے ساتھ شیئر کرے گا، جبکہ سفارت خانہ ممکنہ چینی سرمایہ کاروں کی ایک منتخب فہرست فراہم کرے گا۔ حکام کے مطابق اس مربوط طریقہ کار سے سرمایہ کاروں اور منصوبوں کے درمیان بہتر میچ میکنگ ممکن ہوگی اور سرمایہ کاری کے کامیاب نتائج کے امکانات بڑھیں گے۔
وفاقی وزیر نے اپنی حالیہ برطانیہ کے دورے کے مثبت نتائج کا بھی ذکر کیا، جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں تاثر نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری عرفہ اقبال نے کہا کہ سکیورٹی پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ وزارت داخلہ سمیت متعلقہ پاکستانی سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری میں سہولت فراہم کر سکتا ہے تاکہ چینی سرمایہ کاروں، حکام اور کاروباری وفود کے لیے بہتر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں کامیابی کی مثالیں سامنے لائی جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا جا سکے اور سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان کی صنعتی استعداد کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
قیصر احمد شیخ نے چینی قونصلر کو اپنے آبائی شہر چنیوٹ کے دورے کی خصوصی دعوت بھی دی، جو اپنے عالمی شہرت یافتہ دستکاری فرنیچر کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ برآمدات پر مبنی سرمایہ کاری کے لیے مضبوط امکانات رکھتا ہے اور صنعتی تعاون کا ایک اہم مرکز بن سکتا ہے۔
فریقین نے سی پیک کے اہداف سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سی پیک کے پہلے مرحلے میں اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے مکمل کیے گئے، اسی طرح دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، اقتصادی نمو اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے آئندہ دورے کو بھی پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں جانب سے سی پیک فیز ٹو کے تحت سرمایہ کاری اقدامات کو آگے بڑھانے اور عملی نتائج کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔