تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 6:00 PM
Civic Facilities Restored on Punjab Ombudsman’s Orders, Projects Completed in Various Areas
محتسب پنجاب کے احکامات پر شہری سہولیات کی بحالی، مختلف علاقوں میں منصوبے مکمل
▫️سڑکوں کی مرمت، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، کھلے مین ہولز کی بندش اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے
محتسب پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں بنیادی شہری سہولیات کی بحالی اور بہتری کے مختلف منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان محتسب پنجاب کے مطابق عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد متعلقہ محکموں نے سڑکوں کی مرمت، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، صفائی ستھرائی، کھلے مین ہولز کی بندش اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے۔
ترجمان کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل پر تقریباً 33 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں اور علاقوں میں شہری سہولیات کو بہتر اور معیاری سطح پر بحال کر دیا گیا ہے۔
سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی سے عوامی مقامات زیادہ محفوظ اور روشن ہوئے، جبکہ فٹ پاتھس اور پیدل چلنے والوں کے راستوں کی بہتری سے شہریوں کی سہولت اور تحفظ میں اضافہ ہوا۔
اسی طرح نالوں اور نکاسیٔ آب کے نظام کی صفائی و بحالی سے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
ترجمان محتسب پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی شکایات کے فوری ازالے، شہری مسائل کے حل اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا عملی اظہار ہیں۔
دفتر محتسب پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبہ بھر میں شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔