تاریخ اشاعت: November 14, 2026 - 9:01 AM
FCC Orders CDA to Settle Land Compensation Claims Within Six Months
وفاقی آئینی عدالت کا سی ڈی اے کو اراضی کے معاوضوں کے زیر التوا دعوے 6 ماہ میں نمٹانے کا حکم
▫️ وفاقی آئینی عدالت کی سی ڈی اے کو تقریباً 8 ارب 2 کروڑ روپے کے واجب الادا معاوضوں اور 10 ہزار 739 پلاٹوں کی الاٹمنٹ سمیت بحالی کے زیر التوا معاملات حل کرنے کی ہدایت
وفاقی آئینی عدالت نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو اراضی کے معاوضوں اور متاثرین کی بحالی سے متعلق تمام زیر التوا دعووں کا جائزہ لے کر 6 ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت کے مطابق سی ڈی اے ایکٹ 1960 کے تحت قائم کردہ ادارہ ہے، جو اپنے اختیارات صرف قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے استعمال کر سکتا ہے اور قانون میں دیے گئے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کسی کو مراعات دینے یا قانونی حقوق سے محروم کرنے کا مجاز نہیں۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں اراضی کے حصول کے باوجود معاوضوں کی عدم ادائیگی، متبادل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر اور مختلف سیکٹرز میں ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے سے متعلق طویل عرصے سے جاری تنازعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل وفاقی آئینی عدالت کے دو رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 30 اکتوبر 2024 اور 14 جون 2021 کے فیصلوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔ مقدمات میں اراضی مالکان، متاثرین اور مختلف پلاٹوں کے الاٹیز نے معاوضوں کی ادائیگی اور بحالی کے حقوق کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق تقریباً 8 ارب 2 کروڑ 24 لاکھ روپے کے معاوضوں کے دعوے زیر التوا ہیں، جبکہ 10 ہزار 739 پلاٹوں کی الاٹمنٹ ہونا باقی ہے۔ ان مقدمات میں اسلام آباد کے سیکٹر ای 12 کا معاملہ بھی شامل ہے، جہاں الاٹیز 1989 سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور اپنے پلاٹوں کا عملی قبضہ ملنے کے منتظر ہیں۔
وفاقی آئینی عدالت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ دعویداروں کو مؤقف پیش کرنے اور سماعت کا موقع فراہم کیا جائے، ان کے قانونی حقوق کا تعین 6 ماہ کے اندر کیا جائے اور فیصلوں پر بلاجواز تاخیر کے بغیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اراضی کے حصول سے متعلق قانونی طور پر حتمی حیثیت اختیار کر جانے والے ایوارڈز ہی فریقین کے حقوق اور ذمہ داریوں کے تعین کی بنیاد ہوں گے، جبکہ بعد میں جاری کیے گئے ایوارڈز یا نظرثانی کے احکامات اسی صورت قابل عمل ہوں گے جب ان کی قانونی حیثیت ثابت ہو۔ عدالت کے مطابق متبادل پلاٹوں کی الاٹمنٹ سمیت بحالی کی سہولتیں صرف ان متاثرین کو دی جا سکتی ہیں جو قانون کے تحت ان کے مستحق ہوں۔ سی ڈی اے یا وفاقی حکومت انتظامی فیصلوں کے ذریعے ان قانونی حقوق میں کمی، اضافہ یا تبدیلی نہیں کر سکتے۔
عدالت نے آئین کے آرٹیکل 23 اور 24 کے تحت شہریوں کے حقِ ملکیت کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے قرار دیا کہ نجی اراضی صرف عوامی مفاد اور قانون کے مطابق مقررہ تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ سی ڈی اے کے اراضی کے حصول اور معاوضوں کے تعین سے متعلق اختیارات سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کی دفعات 25 سے 32 اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تابع ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مالی وسائل کی کمی، اندرونی دفتری پیچیدگیاں یا انتظامی تاخیر قانونی طور پر طے شدہ معاوضوں کی غیر معینہ مدت تک عدم ادائیگی کا جواز نہیں بن سکتیں۔
اس فیصلے کے ذریعے زیر التوا دعووں کے فیصلے کے لیے 6 ماہ کی مدت مقرر کرتے ہوئے سی ڈی اے کو اراضی مالکان اور متاثرہ الاٹیز کے قانونی حقوق کے تحفظ اور اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔