تاریخ اشاعت: September 5, 2026 - 10:01 AM
Federal Constitutional Court Seeks Report on Residential Construction on Land Reserved for Public Welfare
وفاقی آئینی عدالت نے رفاہ عامہ کیلئے مختص اراضی پر رہائشی عمارت کی تعمیر پر رپورٹ طلب کرلی
▫️عدالت نے زمین کے اصل مقصد، الاٹمنٹ کے اختیار اور موجودہ استعمال سے متعلق معاملے کی قانونی حیثیت پر مزید وضاحت طلب کی ہے
کراچی | ری نیوز پاکستانرفاہ عامہ کیلئے مختص اراضی پر رہائشی پلاٹس کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی آئینی عدالت نے این جی او کی آڈٹ رپورٹ طلب کرلی۔
رفاہ عامہ کیلئے مختص اراضی پر رہائشی پلاٹس کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی آئینی عدالت نے این جی او کی آڈٹ رپورٹ طلب کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے زمین کی الاٹمنٹ، استعمال اور این جی او کے مالی معاملات پر سوالات اٹھا دیے۔
کراچی رجسٹری میں وفاقی آئینی عدالت نے رفاہی مقاصد کے لیے الاٹ کی گئی اراضی پر رہائشی پلاٹس کی تعمیر سے متعلق این جی او کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ادارے کے مالی معاملات اور زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق اہم سوالات اٹھا دیے اور آئندہ سیشن تک این جی او کی آڈٹ رپورٹ طلب کرلی۔
کیس کی سماعت کے دوران اپیل کنندہ این جی او کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ ادارے کو 1982 میں مذکورہ اراضی رفاہی مقاصد کے لیے الاٹ کی گئی تھی۔ وکیل نے عدالت کو زمین کی الاٹمنٹ اور ادارے کی جانب سے اس کے استعمال سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ این جی او کو 2 ہزار گز کا پلاٹ کن بنیادوں پر الاٹ کیا گیا اور ادارے نے ایسی کون سی رفاہی خدمات انجام دی تھیں جن کے صلے میں اسے اتنی قیمتی اراضی فراہم کی گئی۔ عدالت نے زمین کی الاٹمنٹ کے قانونی جواز اور اس کے موجودہ استعمال پر بھی سوالات اٹھائے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ فیضان میمن نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ اراضی اس وقت کے چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی کی جانب سے ان کی تنظیم کو الاٹ کی گئی تھی، تاہم قانون کے مطابق چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی کو ایسی اراضی الاٹ کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زمین دراصل سکول کے لیے مختص تھی، تاہم درخواست گزار این جی او نے اس اراضی پر رہائشی پلاٹس تعمیر کر دیے ہیں۔ سرکاری وکیل کے مؤقف کے بعد عدالت نے زمین کے اصل مقصد، الاٹمنٹ کے اختیار اور موجودہ استعمال سے متعلق معاملے کی قانونی حیثیت پر مزید وضاحت طلب کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے این جی او کے مالی وسائل کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ درخواست گزار این جی او کو فنڈنگ کون فراہم کرتا ہے۔ این جی او کے وکیل نے بتایا کہ ماضی میں ادارے کو وفاقی حکومت کی جانب سے گرانٹ فراہم کی جاتی تھی، تاہم اب سوسائٹی کی اپنی آمدن اور انتظامی وسائل سے معاملات چلائے جا رہے ہیں۔
عدالت نے اس جواب پر این جی او کے وکیل سے مزید وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ بتایا جائے کہ ادارے کے پاس رقم کہاں سے آتی ہے اور اس کے مالی معاملات کا باقاعدہ آڈٹ کون کرتا ہے۔ عدالت نے این جی او کے مالی معاملات کی شفافیت جانچنے کے لیے آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے این جی او کے وکیل پر اظہار برہمی بھی کیا اور مالی وسائل، فنڈنگ اور ادارے کی سرگرمیوں سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی آئینی عدالت نے معاملے کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار این جی او سے اس کی آڈٹ رپورٹ طلب کرلی۔