تاریخ اشاعت: August 22, 2026 - 10:59 AM
Federal Housing Minister Voices Serious Concern Over Delays in Housing Projects, Orders Immediate FGEHA Action
وفاقی وزیر ہاؤسنگ کا رہائشی منصوبوں میں طویل تاخیر پر سخت اظہار تشویش، ایف جی ای ایچ اے کو فوری اقدامات کی ہدایت
▫️اپنی محنت کی کمائی لگانے والے الاٹی مسلسل گھروں کے منتظر ہیں، ان کے تحفظات نظر انداز نہیں کیے جا سکتے، میاں ریاض حسین پیرزادہ
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے گرین انکلیو ون اور لائف سٹائل ریزیڈنسی رہائشی منصوبوں کی تکمیل میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کو زیر التوا مسائل کے فوری حل اور منصوبوں پر کام تیز کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر نے یہ ہدایات ایف جی ای ایچ اے کے ایگزیکٹو بورڈ کے 50ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں تاخیر کا شکار رہائشی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے آغاز میں میاں ریاض حسین پیرزادہ نے منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر پر ایف جی ای ایچ اے حکام سے سخت سوالات کیے اور مطلوبہ پیش رفت نہ ہونے کی وجوہات پر تفصیلی وضاحت طلب کی۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے انہیں بارہا قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کمیٹیوں سمیت مختلف نگرانی کے فورمز پر جواب دینا پڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود منصوبوں میں مطلوبہ رفتار سے پیش رفت نہیں ہو سکی۔
وفاقی وزیر نے گرین انکلیو ون کے الاٹیوں کے احتجاج اور وفاقی محتسب سے رجوع کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کا بھی نوٹس لیا۔
انہوں نے کہا کہ الاٹیوں کے تحفظات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ایف جی ای ایچ اے کو ان کے مسائل کے حل کیلئے زیادہ شفافیت، جوابدہی اور انتظامی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تاخیر کا شکار منصوبوں کی تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور ایسے الاٹیوں کو واضح صورت حال سے آگاہ کیا جائے جو طویل عرصے سے اپنے گھروں کے قبضے کے منتظر ہیں۔
اجلاس میں منصوبوں سے متعلق زیر التوا انکوائریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام انکوائری رپورٹس مقررہ مدت میں مکمل کرکے پیش کی جائیں اور ان کی سفارشات پر بلا تاخیر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائریوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے اور متاثرہ سرکاری ملازمین میں بے یقینی بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اعلیٰ گریڈ کے سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ کم گریڈ کے ملازمین نے بھی اپنے اور اپنے خاندانوں کیلئے گھر حاصل کرنے کی امید میں ان منصوبوں میں اپنی محنت کی کمائی اور جمع پونجی لگائی، تاہم مسلسل تاخیر کے باعث وہ اب تک اپنے گھروں کے منتظر ہیں۔
انہوں نے ایف جی ای ایچ اے کے ایگزیکٹو بورڈ کو ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹس کے نتائج اور سفارشات کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے اور پورے عمل میں شفافیت، انصاف اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر کی ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایف جی ای ایچ اے پر ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے جہاں الاٹی کئی برس سے ترقیاتی کام، قبضے اور انتظامی مسائل کے حل کے منتظر ہیں۔
خصوصاً گرین انکلیو ون کے الاٹی طویل عرصے سے تاخیر اور دیگر مسائل پر شکایات کرتے رہے ہیں، جبکہ معاملہ احتجاج اور مختلف سرکاری فورمز تک بھی پہنچ چکا ہے۔
وفاقی وزیر کی مداخلت کے بعد ایف جی ای ایچ اے پر یہ ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ منصوبوں کیلئے واضح ٹائم لائن مرتب کرے، زیر التوا انکوائریاں مکمل کرے اور زمینی سطح پر قابل ذکر پیش رفت یقینی بنائے۔
اجلاس کے دوران ایف جی ای ایچ اے کے ایگزیکٹو بورڈ نے مالی سال 2026۔27 کیلئے اتھارٹی کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری دے دی۔