اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کی دو لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے اور سرکاری و نجی شعبوں کے قبضے سے ریلوے کی باقی تمام اراضی بھی واپس لی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفۂ سوالات کے دوران صاحبزادہ صبغت اللہ، نثار احمد جٹ، پیر فضل شاہ اور سید رفیع اللہ شاہ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے ریلوے کی اراضی واگزار کرانے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق اقدامات بیان کیے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن پر کام اگلے سال شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اڑھائی ارب ڈالر کی لاگت سے 480 کلومیٹر نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن ایم ایل ون منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ روہڑی سے ملتان تک ریلوے لائن بچھانے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔