تاریخ اشاعت: October 10, 2026 - 12:01 PM
Govt Plans to Increase Mortgage Financing to 5% of GDP by 2035
حکومت کا 2035 تک ہاؤسنگ فنانسنگ کا حجم جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ
▫️ مالی سال 29-2028 تک اراضی ریکارڈ، جائیدادوں کی منتقلی اور تعمیراتی اجازت ناموں کو ڈیجیٹل بنانے کی تجویز، ملک میں سالانہ ساڑھے 4 لاکھ گھروں کی کمی کا انکشاف
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے پاکستان میں ہاؤسنگ فنانسنگ کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے موجودہ 0.5 فیصد سے بھی کم حصے سے بڑھا کر 2035 تک 5 فیصد تک پہنچانے کا منصوبہ پیش کردیا ہے۔
وفاقی حکومت نے پاکستان میں ہاؤسنگ فنانسنگ کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے موجودہ 0.5 فیصد سے بھی کم حصے سے بڑھا کر 2035 تک 5 فیصد تک پہنچانے کا منصوبہ پیش کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کیلئے گھروں کی خریداری اور تعمیر کیلئے بینک قرضوں تک رسائی میں اضافہ، رہائشی تعمیرات کا فروغ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
مجوزہ ہاؤسنگ اور رئیل اسٹیٹ اصلاحاتی فریم ورک کے تحت ملک بھر میں سالانہ 3 سے 4 لاکھ رہائشی یونٹس کی تعمیر کا ہدف تجویز کیا گیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر رہائشی سہولیات کی طلب اور دستیابی کے درمیان فرق کو کم کیا جاسکے۔
یہ تجاویز وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں اڑان پاکستان پروگرام کے تحت آٹھویں نیشنل اکنامک مشن کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔
اجلاس کے دوران پلاننگ کمیشن کے رکن وقاص انور نے ہاؤسنگ، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں مجوزہ اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 7 لاکھ نئے رہائشی یونٹس کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ تعمیراتی سرگرمیوں کے ذریعے صرف ڈھائی لاکھ رہائشی یونٹس فراہم کیے جارہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہر سال تقریباً ساڑھے 4 لاکھ گھروں کی کمی پیدا ہورہی ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت سالانہ 4 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل ہونے کی صورت میں بھی موجودہ تخمینہ شدہ سالانہ طلب پوری نہیں ہوسکے گی، تاہم رہائشی یونٹس کی فراہمی میں نمایاں اضافے کی توقع کی جاسکتی ہے۔
اصلاحاتی فریم ورک میں ہاؤسنگ فنانسنگ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے تاکہ رہائشی جائیدادوں کی خریداری اور گھروں کی تعمیر کیلئے بینکاری قرضوں کی دستیابی میں اضافہ کیا جاسکے۔
اس سلسلے میں 2035 تک مارگیج فنانسنگ کو جی ڈی پی کے 5 فیصد تک پہنچانے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے جو پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کی موجودہ محدود مارکیٹ میں نمایاں توسیع کی عکاسی کرتا ہے۔
حکومت نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت بڑھانے اور جائیدادوں کے معاملات کو آسان بنانے کیلئے مالی سال 29-2028 تک اراضی کے ریکارڈ، تعمیراتی اجازت ناموں، جائیدادوں کی قیمتوں کے تعین اور انتقال ملکیت کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
اس کے علاوہ تعمیراتی منصوبوں کی منظوری کیلئے ون ونڈو آپریشن، جائیدادوں کی خرید و فروخت میں محفوظ ادائیگیوں کیلئے ایسکرو اکاؤنٹس اور تعمیراتی مراحل کی تصدیق سے مشروط مالی مراعات متعارف کرانے کی تجاویز بھی اصلاحاتی فریم ورک کا حصہ ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد پراپرٹی خریداروں، تعمیراتی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انتظامی پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ ان سے متعدد صنعتیں منسلک ہیں اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 2005 سے 2022 کے دوران اسلام آباد کے تعمیر شدہ شہری علاقوں میں 104 فیصد، کوئٹہ میں 72 فیصد، لاہور میں 59 فیصد، پشاور میں 44 فیصد اور کراچی میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
احسن اقبال نے زرعی زمین کو غیر منظم شہری پھیلاؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے عمودی تعمیرات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محدود زمینی وسائل کے مؤثر استعمال کیلئے جدید شہری منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔
انہوں نے تعمیراتی شعبے میں نئی ٹیکنالوجی، جدید تعمیراتی طریقوں اور سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تعمیراتی صنعت کو صرف ملکی ضروریات پوری کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنانی چاہیے تاکہ سرمایہ کاری، برآمدات اور زرمبادلہ کے حصول کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں۔
حکومت کا مجوزہ ہاؤسنگ اصلاحاتی فریم ورک ملک میں رہائشی تعمیرات کی رفتار بڑھانے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور شہریوں کیلئے گھروں کی ملکیت کے مواقع وسیع کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
تاہم ان اہداف پر عملی پیش رفت کیلئے تفصیلی پالیسیوں، مالی وسائل کی فراہمی اور حکومتی اداروں، بینکوں اور نجی تعمیراتی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون درکار ہوگا.