تاریخ اشاعت: March 27, 2026 - 1:51 PM
IMF Hands Over Draft of Economic and Financial Policies to Government
آئی ایم ایف نے معاشی و مالیاتی پالیسیوں کا مسودہ حکومت کے حوالے کر دیا
▫️آئندہ بجٹ کیلئے مالیاتی فریم ورک طلب، ٹیکس ہدف 15 کھرب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز
اسلام آباد| ری نیوز پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) کا مسودہ حکام کو فراہم کر دیا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اہم خدوخال بھی ش...
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) کا مسودہ حکام کو فراہم کر دیا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اہم خدوخال بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ باقاعدگی سے ردوبدل کیا جائے۔ اس ضمن میں پہلے قیمتوں کا جائزہ پندرہ روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم اب ہفتہ وار بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کی جا رہی ہے اور فنڈ نے اسی عمل کو جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
ادھر آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ کیلئے مکمل مالیاتی فریم ورک بھی طلب کر لیا ہے، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ٹیکس ہدف تقریباً 15.08 کھرب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ دوسری جانب رواں مالی سال کے لیے ٹیکس ہدف میں کمی کرتے ہوئے اسے 13.79 کھرب سے کم کر کے 13.4 کھرب روپے کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان MEFP کے مسودوں کا تبادلہ جاری ہے تاکہ توسیع شدہ فنڈ سہولت کے تحت جاری پروگرام کا تیسرا جائزہ مکمل کیا جا سکے اور 7 ارب ڈالر پروگرام کی اگلی قسط کے اجرا کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ طے پا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ 1.4 ارب ڈالر کے موسمیاتی فنانسنگ پروگرام پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
دریں اثنا، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی عالمی معاشی جھٹکے کی شکل اختیار کر چکی ہے، جو پاکستان کی تجارت، توانائی کی فراہمی اور بیرونی کھاتوں کے استحکام کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔