تاریخ اشاعت: September 20, 2026 - 12:01 AM
K Electric Plans to Shift Bin Qasim Power Station III to Local Gas
کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور سٹیشن تھری کو مقامی گیس پر منتقل کرنے کا منصوبہ
▫️نیپرا سے بجلی پیدا کرنے کے لائسنس میں ترمیم کی درخواست، مقامی گیس کے استعمال سے فیول لاگت اور بجلی نرخوں میں کمی کا امکان
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانکے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کی پیداوار کی لاگت کم کرنے اور صارفین کو مہنگی بجلی کے اثرات سے بچانے کیلئے بن قاسم پاور سٹیشن تھری (BQPS III) کو مقامی گیس پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے...
کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کی پیداوار کی لاگت کم کرنے اور صارفین کو مہنگی بجلی کے اثرات سے بچانے کیلئے بن قاسم پاور سٹیشن تھری (BQPS III) کو مقامی گیس پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اپنے جنریشن لائسنس میں ترمیم کی درخواست دے دی ہے۔
کے الیکٹرک نے درخواست میں BQPS III کیلئے مقامی گیس اور درآمدی گیس دونوں کو پرائمری فیول کے طور پر شامل کرنے کی اجازت مانگی ہے، جبکہ ڈیزل کو متبادل فیول کے طور پر برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مقامی گیس کی سپلائی کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کو سپلائر کے طور پر شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق بن قاسم پاور سٹیشن تھری کے ٹربائنز اس وقت درآمدی گیس کے نظام سے منسلک ہیں اور درآمدی گیس پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ کے الیکٹرک نے پیٹرولیم ڈویژن اور ایس ایس جی سی کے ساتھ مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے مثبت پیش رفت کا بھی مؤقف اختیار کیا ہے۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ مقامی گیس کے استعمال سے درآمدی فیول پر انحصار اور فیول لاگت کم ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کا امکان ہے اور اس کا فائدہ صارفین کو بجلی نرخوں کی صورت میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق مقامی گیس کی دستیابی درآمدی گیس کی فراہمی میں رکاوٹ کی صورت میں پلانٹ کے آپریشنز کو جاری رکھنے میں بھی مدد دے گی۔
نیپرا کے موجودہ ریکارڈ میں کے الیکٹرک کے جنریشن فلیٹ کیلئے قدرتی گیس، آر ایل این جی اور آر ایف او سمیت مختلف فیولز درج ہیں۔
نیپرا نے 18 ستمبر 2026 کو کے الیکٹرک کی جنریشن لائسنس میں مجوزہ ترمیم کا نوٹس جاری کیا ہے اور درخواست پر عوامی تبصرے طلب کیے ہیں۔ حتمی فیصلہ ریگولیٹری عمل مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
کے الیکٹرک کی درخواست میں نئے کمپریسرز کی تنصیب کا معاملہ بھی شامل ہے، جس سے پلانٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم مقامی گیس کی دستیابی، سپلائی انتظامات اور لائسنس میں ترمیم کی منظوری اس منصوبے پر عملدرآمد کے اہم عوامل ہوں گے۔