تاریخ اشاعت: April 11, 2026 - 11:40 AM
Karachi Safe City Project Phase II Approved at a Cost of Rs10 Billion
کراچی میں تقریباً 10 ارب روپے لاگت کے سیف سٹی پراجیکٹ فیز ٹو کی منظوری
▫️2300 سے زائد سمارٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے، چہرہ اور نمبر پلیٹ شناخت کی سہولت بھی شامل
کراچی | ری نیوز پاکستان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت شہر میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کا جامع نظام قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اج...
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت شہر میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کا جامع نظام قائم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق اس مرحلے میں شہر کے مختلف اضلاع میں 2300 سے زائد سمارٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ ان میں 870 عمومی نگرانی کے لیے، 1300 کیمرے آٹومیٹک نمبر پلیٹ اور چہرہ کے شناختی نظام سے لیس ہوں گے، جبکہ 80 کیمرے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 56 موبائل سرویلنس یونٹس اور 8 کیمرے ٹریفک سگنلز کی نگرانی کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
منصوبے کی مجموعی لاگت 9.98 ارب روپے بتائی گئی ہے اور اسے آئندہ 12 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز مئی 2026 میں متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ تاخیر کے باعث اخراجات میں اضافے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کو تکنیکی عملے کی شفاف اور میرٹ پر بھرتی کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں دیگر بڑے شہروں بشمول حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد میں بھی سیف سٹی منصوبے شروع کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ حکام کے مطابق ان شہروں میں مجموعی طور پر 780 کیمرے نصب کیے جائیں گے، جس پر تقریباً 3.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے تمام سیف سٹی منصوبوں کو ایک مربوط نظام کے تحت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ذریعے چلایا جائے تاکہ سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔