تاریخ اشاعت: March 25, 2026 - 12:05 PM
Launch of “Model Village Programme” to Upgrade 485 Villages Across Punjab
پنجاب میں “مثالی گاؤں پروگرام” کے تحت 485 دیہات کی اپ گریڈیشن کا آغاز
▫️60 ارب روپے کے منصوبے سے دیہات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ
لاہور | ری نیوز پاکستان وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت “مثالی گاؤں پروگرام” سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیشرفت اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری ...
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت “مثالی گاؤں پروگرام” سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیشرفت اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور سی ای او پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی خرم پرویز سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے “سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت مثالی گاؤں منصوبہ ایک اہم اقدام ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات کو اپگریڈ کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 60 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی نے 357 دیہات میں ترقیاتی سکیموں کے ورک ایوارڈ جاری کر دیے ہیں جبکہ 107 دیہات میں میونسپل سروسز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مختلف ڈویژنز میں شامل دیہات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کے 41، ساہیوال کے 44، گوجرانوالہ کے 55، گجرات کے 51، ملتان کے 63، ڈی جی خان کے 39، لاہور کے 50، راولپنڈی کے 58، بہاولپور کے 48 اور فیصل آباد کے 36 دیہات اس پروگرام میں شامل ہیں۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دیہات میں سیوریج، واٹر سپلائی، گلیوں کی تعمیر، پارکس اور سٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولیات کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ جہاں پہلے سے گلیاں یا نالیاں موجود ہیں انہیں نہ توڑا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے اور ان میں جمع ہونے والے پانی کی ٹریٹمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق منصوبے کا پہلا مرحلہ 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا جبکہ تمام کھدائی کے کام برسات کے موسم سے قبل مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔