ری نیوز پر واپس جائیں

قومی ریئل اسٹیٹ خبریں

2 news articles

گھر خریدنے اور تعمیر کیلئے قرض کا نیا فریم ورک، بینک جائیداد کی مالیت کے 90 فیصد تک فنانسنگ کر سکیں گے

گھر خریدنے اور تعمیر کیلئے قرض کا نیا فریم ورک، بینک جائیداد کی مالیت کے 90 فیصد تک فنانسنگ کر سکیں گے

▫️سٹیٹ بینک کے نظرثانی شدہ قواعد فوری نافذ، گھر اور فلیٹ کی خریداری، پلاٹ پر تعمیر، توسیع، مرمت اور قابل تجدید توانائی کے نظام کیلئے قرض کی سہولت، ہاؤسنگ فنانس کی مدت 30 سال تک مقرر

کراچی | ری نیوز پاکستان
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہاؤسنگ فنانس کے قواعد میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کرتے ہوئے گھروں کیلئے قرض کے حصول کا نیا فریم ورک نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت اہل درخواست گزاروں کو جائیداد کی مالیت کے 90 فیصد تک فنانسنگ مل سکے گی، جبکہ 50 لاکھ روپے تک قرض کیلئے جائیداد پر حقِ ضمانت قائم کرنے اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ قبول کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔
نظرثانی شدہ پرڈینشل ریگولیشنز فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 2019 سے 2021 کے دوران ہاؤسنگ فنانس سے متعلق جاری کیے گئے متعدد سابقہ سرکلرز کی جگہ لیں گے۔ نئے قواعد کا مقصد ایک طرف عام شہریوں کیلئے گھر کی خریداری اور تعمیر کیلئے قرض تک رسائی بہتر بنانا ہے جبکہ دوسری جانب بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کیلئے قرض کے خطرات سے نمٹنے کا مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔
نئے فریم ورک کے تحت ہاؤسنگ فنانس کا دائرہ صرف تیار گھر یا فلیٹ خریدنے تک محدود نہیں رہے گا۔ اپنی ملکیتی زمین پر گھر کی تعمیر، تعمیر کی غرض سے پلاٹ کی خریداری، موجودہ گھر میں توسیع یا اضافی تعمیر، مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے بھی قرض لیا جا سکے گا۔ اسی طرح رہائشی جائیداد میں قابل تجدید توانائی کے نظام نصب کرنے کیلئے بھی فنانسنگ کی اجازت ہوگی۔
ہاؤسنگ فنانس کی زیادہ سے زیادہ مدت 30 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ قابل تجدید توانائی سے متعلق فنانسنگ زیادہ سے زیادہ 10 سال کیلئے فراہم کی جا سکے گی۔
نئے قواعد کی ایک اہم تبدیلی قرض اور جائیداد کی مالیت کے تناسب سے متعلق ہے۔ سٹیٹ بینک نے زیادہ سے زیادہ تناسب 90:10 مقرر کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ متعلقہ شرائط اور بینک کی جانچ پڑتال پوری ہونے کی صورت میں جائیداد کی مالیت کے 90 فیصد تک فنانسنگ فراہم کی جا سکے گی جبکہ باقی حصہ قرض لینے والے کو خود ادا کرنا ہوگا۔
تاہم زیادہ قرض کی گنجائش کے ساتھ ادائیگی کی صلاحیت کی جانچ بھی لازمی رکھی گئی ہے۔ مجوزہ ہاؤسنگ قرض کی ماہانہ قسط اور درخواست گزار کے دیگر تمام صارف قرضوں کی مجموعی ماہانہ ادائیگی اس کی خالص قابل استعمال آمدن کے 65 فیصد سے زیادہ نہیں ہو سکے گی۔
نئے فریم ورک میں ایسے شہریوں کیلئے بھی اہم گنجائش پیدا کی گئی ہے جن کی آمدن باقاعدہ تنخواہ یا روایتی دستاویزی ذرائع سے نہیں آتی۔ بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر رسمی آمدن رکھنے والے درخواست گزاروں کی قرض واپس کرنے کی صلاحیت جانچنے کیلئے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے مقرر کردہ غیر رسمی آمدن کے تخمینی ماڈلز استعمال کیے جائیں۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہاؤسنگ قرضوں کیلئے دستاویزی عمل میں بھی سہولت دی گئی ہے۔ 50 لاکھ روپے تک ہاؤسنگ فنانس جائیداد پر حقِ ضمانت قائم کرکے فراہم کیا جا سکے گا۔ اس مقصد کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ یا دوسرے صوبوں کی متعلقہ اتھارٹیز کے مساوی سرٹیفکیٹس بھی قابل قبول ہوں گے۔
دوسری جانب ایک کروڑ روپے سے زائد ہاؤسنگ فنانس کی صورت میں جائیداد کی مالیت کا باقاعدہ تخمینہ ضروری ہوگا اور یہ کام پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے منظور شدہ پینل میں شامل ویلیوایٹر سے کرانا ہوگا۔
قرض کے ذریعے حاصل یا تعمیر کیے جانے والے رہائشی یونٹس کے تحفظ کیلئے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو جامع انشورنس یا تکافل کوریج یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی معیاری فنانسنگ دستاویزات استعمال کی جائیں گی۔
ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس کے عمل کو بھی باقاعدہ ضابطے میں لایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل دستخط کی تصدیق ون ٹائم پاس ورڈ یا کسی دوسرے دو مرحلہ تصدیقی طریقہ کار کے ذریعے کی جا سکے گی، جس سے درخواست اور دستاویزات کا عمل آن لائن مکمل کرنے کی راہ مزید ہموار ہوگی۔
سٹیٹ بینک نے ادائیگی میں مشکلات کا شکار ہاؤسنگ قرضوں کیلئے چار درجوں پر مشتمل درجہ بندی کا نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت 90 دن، 180 دن، ایک سال اور دو سال تک عدم ادائیگی کی بنیاد پر قرضوں کو مرحلہ وار مختلف خطرے کی کیٹیگریز میں منتقل کیا جائے گا تاکہ بینک ممکنہ نقصان کیلئے بروقت اقدامات کر سکیں۔
قرض کی ری شیڈولنگ یا ری سٹرکچرنگ کے قواعد بھی واضح کر دیے گئے ہیں۔ عام حالات میں دو سال کے دوران صرف ایک مرتبہ قرض کی شرائط میں تبدیلی کی جا سکے گی۔ ضرورت پڑنے پر قرض کی مدت میں زیادہ سے زیادہ پانچ سال کا اضافہ ممکن ہوگا، تاہم کسی بھی صورت مجموعی مدت 30 سال سے تجاوز نہیں کر سکے گی۔
نئے قواعد کے تحت سٹیٹ بینک نے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تنخواہ دار افراد، باقاعدہ کاروبار کرنے والوں اور غیر رسمی ذرائع سے آمدن حاصل کرنے والے شہریوں کیلئے آسان اور یکساں ہاؤسنگ فنانس درخواست فارم متعارف کرائے جائیں۔
یہ فارم کاغذی اور ڈیجیٹل دونوں شکلوں میں اردو اور انگریزی زبان میں دستیاب ہوں گے، جس سے مختلف آمدنی والے طبقات کیلئے ہاؤسنگ فنانس کی درخواست دینے کا عمل نسبتاً آسان اور یکساں ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 لاکھ گھروں کی تعمیر اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 لاکھ گھروں کی تعمیر اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

▫️ مریم نواز کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ مکانات مکمل، ہاؤسنگ اسکیم کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر پانچ لاکھ گھروں تک توسیع دینے کا اعلان کردیا ہے۔

سپریم کورٹ کا محکمہ اوقاف کو حافظ آباد میں نجی ملکیتی دربار کی اراضی اصل مالک کو واپس کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا محکمہ اوقاف کو حافظ آباد میں نجی ملکیتی دربار کی اراضی اصل مالک کو واپس کرنے کا حکم

▫️ نجی اراضی پر تعمیر کردہ مزار مالک کی رضامندی کے بغیر وقف املاک میں شامل نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے قرار دیا ہے کہ نجی ملکیتی اراضی پر تعمیر کردہ مزار محض عوام کی آمدورفت اور نذرانوں کی وصولی کی بنیاد پر خودبخود وقف جائیداد نہیں بن سکتا۔

مزید خبریں

City and District Real Estate News

تمام خبریں دیکھیں

Global Real Estate News

تمام خبریں دیکھیں

Corporate Real Estate News

تمام خبریں دیکھیں

Social Real Estate News

تمام خبریں دیکھیں

Real Estate Insights

تمام خبریں دیکھیں