تاریخ اشاعت: August 17, 2026 - 10:30 AM
Pakistan’s Real Estate Sector Enters New Phase as Digitalisation and Infrastructure Reforms Accelerate
ڈیجیٹل نظام اور جدید انفراسٹرکچر سے پاکستان کا رئیل اسٹیٹ شعبہ نئے مرحلے میں داخل
▫️ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ، ٹیکس اصلاحات، جدید انفراسٹرکچر اور موسمی خطرات سے محفوظ ترقی کے اقدامات پراپرٹی مارکیٹ کو زیادہ شفاف اور سرمایہ کاری کیلئے موزوں بنانے میں مدد دے رہے ہیں: رپورٹ
پاکستان کا رئیل اسٹیٹ شعبہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جہاں جدید انفراسٹرکچر، زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، بہتر دستاویزی نظام اور ماحول دوست شہری منصوبہ بندی ملک کی پراپرٹی مارکیٹ کو بتدریج نئی شکل دے رہی ہے۔
پراپرٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مقبول ذرائع میں شامل ہے، تاہم اس شعبے کی معاشی اہمیت صرف زمین اور عمارتوں کی خرید و فروخت تک محدود نہیں۔ رئیل اسٹیٹ سے تعمیرات، بینکاری، مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، ٹرانسپورٹ، تعمیراتی سامان اور روزگار سمیت کئی شعبے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔
پاکستان اکنامک سروے 26-2025 کے مطابق مالی سال کے دوران تعمیراتی شعبے میں 5.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں میں 3.63 فیصد نمو ہوئی۔ رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ تقریباً 5.86 فیصد رہا، جو ملکی معیشت میں اس شعبے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
اس شعبے میں اہم تبدیلیوں میں سے ایک زمین کے روایتی اور کاغذی ریکارڈ سے ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقلی ہے۔ کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ، آن لائن تصدیق کی سہولیات اور پراپرٹی سے متعلق الیکٹرانک طریقہ کار کی وجہ سے ملکیت کی معلومات تک رسائی آسان ہو رہی ہے اور کاغذی ریکارڈ پر انحصار کم ہو رہا ہے۔
ڈیجیٹل نظام سے شفافیت بہتر بنانے، دستاویزات میں ردوبدل کے امکانات کم کرنے اور پراپرٹی کے لین دین کی تصدیق آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ نظام بینکوں اور مالیاتی اداروں کیلئے ملکیت کی جانچ اور قرض کیلئے رہن رکھی جانے والی پراپرٹی کی تصدیق بھی آسان بنا سکتا ہے، جس سے باضابطہ ہاؤسنگ فنانس کے دائرہ کار میں اضافہ ممکن ہے۔
انفراسٹرکچر کی ترقی بھی پراپرٹی مارکیٹ کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔ نئی سڑکیں، ایکسپریس ویز، پبلک ٹرانسپورٹ، کمرشل ڈسٹرکٹس اور یوٹیلٹی نیٹ ورکس نئے ترقیاتی علاقوں کو سامنے لا رہے ہیں اور پہلے نسبتاً دور سمجھے جانے والے مقامات کی اہمیت بڑھا رہے ہیں۔
تاہم انفراسٹرکچر کی بنیاد پر ہونے والی شہری توسیع کیلئے مؤثر منصوبہ بندی ضروری ہے۔ رہائشی اور کمرشل منصوبوں کے ساتھ مناسب سڑکیں، نکاسی آب، پانی، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ پہلے سے دباؤ کا شکار شہروں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
پاکستان میں پراپرٹی کے زیادہ سے زیادہ لین دین کو دستاویزی معیشت میں لانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رئیل اسٹیٹ شعبے کو طویل عرصے سے پراپرٹی کی کم قیمت ظاہر کرنے، پیچیدہ ٹیکس نظام اور غیر رسمی لین دین جیسے مسائل کا سامنا رہا ہے۔
ٹیکس اصلاحات اور بہتر ویلیوایشن نظام شفافیت بڑھا سکتے ہیں، تاہم پالیسی سازوں کیلئے ضروری ہے کہ لین دین کی لاگت اس حد تک نہ بڑھے کہ قانونی خریدار اور سرمایہ کار متاثر ہوں۔ بڑے رئیل اسٹیٹ منصوبوں کی تکمیل میں کئی سال لگ سکتے ہیں، اس لیے مستحکم اور قابل پیش گوئی ٹیکس نظام خاص اہمیت رکھتا ہے۔
موسمی خطرات سے محفوظ تعمیرات بھی اب ایک اہم ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔ پاکستان کو سیلاب، شدید گرمی اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے مستقبل کے منصوبوں میں بہتر نکاسی آب، سیلاب سے تحفظ، پانی کے مؤثر استعمال، توانائی بچانے والی عمارتوں اور ذمہ دارانہ زمین کے استعمال پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔
زمین کے تنازعات، پیچیدہ قواعد اور منظوری کے غیر یکساں نظام جیسے مسائل اب بھی موجود ہیں، تاہم ڈیجیٹل ریکارڈ، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، بہتر دستاویزی نظام، ٹیکس اصلاحات اور پائیدار شہری منصوبہ بندی پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ کو زیادہ شفاف اور سرمایہ کاری کیلئے زیادہ پرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں میں موجودہ نمو کے بعد اس شعبے کی طویل مدتی ترقی اس بات پر منحصر ہوگی کہ پاکستان سرمایہ کاری کو بہتر ضابطوں، قابل اعتماد لینڈ ریکارڈ اور موسمی خطرات سے محفوظ شہری ترقی کے ساتھ کس حد تک جوڑ پاتا ہے۔