تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 6:01 PM
Pakistanis Shift Part of Dubai Property Investments to Pakistan Back Amid Gulf Crisis
خلیجی بحران کے باعث پاکستانیوں کی دبئی سے پاکستان پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی منتقلی
▫️امیر پاکستانی سرمایہ کاروں کی دبئی میں جائیدادیں فروخت یا سرمایہ کاری محدود، کراچی کی لگژری پراپرٹی مارکیٹ خصوصاً ڈی ایچ اے میں سرمایہ کاری کا رجحان
کراچی | ری نیوز پاکستانخلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے باعث بعض امیر پاکستانی دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری کم کرکے اس کا ایک حصہ پاکستان منتقل کر رہے ہیں، جہاں کراچی کے مہنگے رہائشی اور ہائی رائز منصوب...
خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے باعث بعض امیر پاکستانی دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری کم کرکے اس کا ایک حصہ پاکستان منتقل کر رہے ہیں، جہاں کراچی کے مہنگے رہائشی اور ہائی رائز منصوبے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈویلپرز، پراپرٹی ایڈوائزرز اور مارکیٹ نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی سے سرمایہ پاکستان منتقل کرنے کا رجحان فی الحال محدود ہے اور اسے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے انخلا کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا۔ کراچی کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) بعض سرمایہ کاروں کے لیے پورٹ فولیو میں توازن پیدا کرنے کی ایک اہم منزل بن رہی ہے۔
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان کے چیئرمین محمد حسن بخشی کے مطابق بعض پاکستانی سرمایہ کار دبئی میں اپنی جائیدادیں فروخت کر رہے ہیں یا انہیں فروخت کرنے کے انتظار میں ہیں تاکہ حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ پاکستان منتقل کیا جا سکے۔
دبئی میں مقیم ایک پاکستانی سرمایہ کاری مشیر نے بھی اس رجحان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بعض سرمایہ کاروں نے دبئی میں اپنی پراپرٹی ہولڈنگز کم کرکے کراچی کا رخ کیا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق یہ بڑے پیمانے پر انخلا کے بجائے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں ردوبدل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی ایران تنازع اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے بعد دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں بھی سست روی دیکھی گئی۔ گولڈمین سیکس کے تخمینے کے مطابق مارچ کے پہلے 12 دنوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں ریئل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز کا حجم سالانہ بنیاد پر 37 فیصد کم ہوا، جبکہ فروری کے مقابلے میں کمی 49 فیصد رہی۔ بعد ازاں دبئی کی بعض جائیدادیں 12 سے 15 فیصد تک رعایت پر بھی پیش کی گئیں۔
رئیل اسٹیٹ کنسلٹنسی ویلیو سٹریٹ کے مطابق اپریل میں دبئی کی پراپرٹی سیلز میں 4 فیصد کمی کے بعد مئی میں مزید 19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم سرکاری اعداد و شمار سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس اضافے میں بیرون ملک جائیدادوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کا کتنا حصہ شامل ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق فروری سے اگست کے دوران متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر تقریباً 13 فیصد اضافے سے 5.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ صرف مئی میں یو اے ای سے ترسیلات 36 فیصد بڑھ کر 1.01 ارب ڈالر رہیں۔
پاکستان کی مجموعی ترسیلات زر اگست میں 3.66 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست میں ترسیلات 14.7 فیصد اضافے سے 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے آنے والی رقوم بھی مارچ سے اگست کے دوران سالانہ بنیاد پر 52.2 فیصد بڑھ کر 1.74 ارب ڈالر ہوگئیں۔ اپریل میں آر ڈی اے آمدن 81.4 فیصد اضافے سے 321 ملین ڈالر رہی، جبکہ فروری سے اگست کے دوران اکاؤنٹس کی تعداد 56,737 اضافے سے 966,144 ہوگئی۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر سلطان پاراچا نے کہا کہ خلیجی بحران نے ترسیلات زر میں اضافے میں کردار ادا کیا ہو سکتا ہے، تاہم سرکاری اعداد و شمار سے گھریلو ضروریات کے لیے بھیجی جانے والی رقوم اور سرمایہ کاری کی منتقلی میں فرق واضح نہیں ہوتا۔
دوسری جانب محمد حسن بخشی نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے مہنگے علاقوں میں بڑھتی طلب سے پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ڈی ایچ اے میں ایک پلاٹ جو فروری سے قبل 40 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا، اب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم، اس اضافے کی آزادانہ ٹرانزیکشن ڈیٹا سے تصدیق نہیں ہو سکی اور یہ بھی واضح نہیں کہ قیمتوں میں اضافے میں بیرون ملک سے واپس آنے والی سرمایہ کاری کا کتنا کردار ہے۔
جے ایس گلوبل کیپیٹل کے سربراہ ریسرچ محمد وقاص غنی نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ وسیع البنیاد ہے اور اس میں زرمبادلہ کے رسمی ذرائع کے بڑھتے استعمال کا بھی کردار ہے، تاہم خلیجی صورتحال کے باعث بعض محتاط نوعیت کی رقوم کی منتقلی بھی اس اضافے کا حصہ ہو سکتی ہے۔