تاریخ اشاعت: July 29, 2026 - 4:21 PM
Power Sector Circular Debt Rises by Rs61 Billion in FY2025-26 Amid Budget Cut, Govt Says
پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 61 ارب روپے بڑھ گیا، حکومت نے بجٹ میں کمی کو وجہ قرار دے دیا
▫️مکمل بجٹ جاری ہوتا تو گردشی قرضہ کم ہو کر 1.577 ٹریلین روپے رہ جاتا، ڈسکوز کے مالی نقصانات میں دو سال میں 265 ارب کی کمی ہوئی: پاور ڈویژن
وفاقی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ گذشتہ مالی سال بجلی کا گردشی قرضہ 61 ارب روپے بڑھ گیا۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ پاور سیکٹر کی کارکردگی خراب ہونے کے بجائے بجٹ میں مختص رقم پوری طرح جاری نہ ہونے کی وجہ سے ہوا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ، آئی ایم ایف، کو یقین دہانی کرائی تھی کہ 30 جون 2026 تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کو 1.614 ٹریلین روپے تک محدود رکھا جائے گا۔
وزارت کے مطابق گذشتہ مالی سال گردشی قرضے میں نمایاں کمی کی گئی تھی۔ گذشتہ سے پیوستہ مالی سال یہ قرضہ 2.393 ٹریلین روپے تھا، جسے اصلاحات اور مالی اقدامات کے ذریعے کم کرکے 1.614 ٹریلین روپے تک لایا گیا۔
پاور ڈویژن نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں بجلی کے شعبے کے لیے 893 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، لیکن بعد میں اس رقم میں 98 ارب روپے کی کمی کردی گئی۔ اس کمی کے باعث گردشی قرضے میں مزید کمی کا عمل متاثر ہوا۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اگر بجٹ میں مختص پوری رقم جاری کردی جاتی تو گردشی قرضہ مزید کم ہو کر 1.577 ٹریلین روپے رہ جاتا۔ تاہم فنڈز کی کمی کے باعث مالی سال کے دوران گردشی قرضے میں 61 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بیان میں بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں، ڈسکوز، کی مالی کارکردگی میں بہتری کا بھی دعویٰ کیا گیا۔ ڈسکوز کے نقصانات مالی سال 2023-24 میں 591 ارب روپے تھے، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر 397 ارب روپے رہ گئے۔ اس طرح ایک سال میں نقصانات میں 193 ارب روپے کی کمی ہوئی۔
حکومت کے مطابق گذشتہ مالی سال ڈسکوز کے نقصانات مزید کم ہو کر 326 ارب روپے تک آگئے۔ مجموعی طور پر گزشتہ دو سال کے دوران تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں 265 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نقصانات میں کمی بجلی کی تقسیم، بلوں کی وصولی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جاری اصلاحات کا نتیجہ ہے۔ وزارت نے گردشی قرضے میں حالیہ اضافے کو عارضی مالی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اصلاحاتی عمل میں ناکامی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
فنڈز کی کمی پوری کرنے کے لیے پاور ڈویژن نے اقتصادی رابطہ کمیٹی، ای سی سی، کو دو تجاویز پیش کی تھیں۔
پہلی تجویز میں مستقبل کے ٹیرف فرق کے دعوؤں کے مقابلے میں 97.649 ارب روپے کی پیشگی سبسڈی جاری کرنے اور ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی، ٹیسکو، کے 44.198 ارب روپے کے واجبات کو پہلے سے دی گئی سبسڈی میں ایڈجسٹ کرنے کی سفارش کی گئی۔
دوسری تجویز کے تحت 53.451 ارب روپے کی پیشگی سبسڈی جاری کرنے کے ساتھ ٹیسکو کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے الگ سے 44.198 ارب روپے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ای سی سی نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ایکویٹی اور دستیاب بجٹ کی دوبارہ تقسیم کے ذریعے 152 ارب روپے جاری کرنے سے متعلق سمری کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے درخواست کو جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے مجوزہ رقم میں سے 97.549 ارب روپے ایڈجسٹ کرنے کے بعد 54.451 ارب روپے جاری کرنے کی اجازت دے دی۔
حکومت نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کو مالی طور پر مستحکم بنانے، گردشی قرضے کو قابو میں رکھنے، بجلی کمپنیوں کے نقصانات کم کرنے اور صارفین کو قابل اعتماد بجلی فراہم کرنے کے لیے اصلاحات جاری رکھی جائیں گی۔