تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 9:50 AM
Punjab Assembly Suspends Enforcement of Revised Agricultural Income Tax Rates
پنجاب اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس کی نظرثانی شدہ شرحوں کا نفاذ معطل کر دیا
▫️سپیکر نے ٹیکس نوٹیفکیشنز کو طریقہ کار کے خلاف قرار دے دیا، وصولیوں اور تشخیص کا عمل فوری روکنے کا حکم
پنجاب اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس کی نظرثانی شدہ شرحوں کے نفاذ کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیے دیا, جبکہ متعلقہ سرکاری نوٹیفکیشنز کو طریقہ کار کے لحاظ سے ناقص اور قانونی طور پر غیر مؤثر قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صوبائی اسمبلی کے 41 ویں اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے پیش کردہ استحقاق کی تحریک پر سماعت کرتے ہوئے سنایا۔ اپنے فیصلے میں سپیکر نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت کی کہ نظرثانی شدہ ٹیکس نظام کے تحت تمام نفاذی اقدامات، بشمول تشخیص اور وصولیوں کو فوری طور پر روک دیا جائے۔
سپیکر نے صوبائی حکومت کو مزید ہدایت کی کہ وہ متنازعہ نوٹیفکیشنز کو 15 دن کے اندر اسمبلی کے سامنے پیش کرے اور طریقہ کار میں ہونے والی کوتاہیوں کی تفصیلی وضاحت فراہم کرے۔ مزید برآں، معاملہ قانون سازی اصلاحات اور تفویض شدہ قانون سازی کی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جسے ذمہ داروں کا تعین کر کے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ تنازع 5 مارچ 2025 کو جاری کیے گئے ان نوٹیفکیشنز سے متعلق ہے جن کے ذریعے زرعی انکم ٹیکس کی شرحوں میں نظرثانی کی گئی، جبکہ 10 ستمبر 2025 کے ایک اور نوٹیفکیشن کے ذریعے ان شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ماضی کی تاریخ سے کرنے کی کوشش کی گئی۔ اراکین اسمبلی نے ان اقدامات پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس ایکٹ 1997 کی دفعہ 11(2) کے تحت لازمی طور پر 26-2025 کے بجٹ اجلاس میں اسمبلی کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔
اپنے فیصلے میں سپیکر نے زور دیا کہ آئین کے تحت ٹیکس عائد کرنے کا اختیار مقننہ کے پاس ہے، اور کسی بھی تفویض شدہ اختیار کو سختی سے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے قرار دیا کہ ایسے نوٹیفکیشنز کو اسمبلی کے سامنے پیش نہ کرنے سے وہ قانونی حیثیت کھو دیتے ہیں۔
سپیکر نے اس کوتاہی کو پارلیمانی استحقاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ٹیکس معاملات میں اسمبلی کی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ عدالتی نظائر کا حوالہ بھی دیا جو اس امر کی تائید کرتے ہیں کہ ٹیکس سے متعلق نوٹیفکیشنز کو باضابطہ طور پر ایوان کے سامنے پیش کرنا لازم ہے۔
فیصلے میں مزید واضح کیا گیا کہ آئندہ زرعی انکم ٹیکس کی شرحوں میں کوئی بھی ترمیم سالانہ بجٹ کے عمل کے ذریعے اسمبلی میں پیش اور منظور کی جائے گی، تب ہی قابلِ نفاذ ہوگی۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ متاثرہ ٹیکس دہندگان کو نظرثانی شدہ شرحوں کے تحت کی گئی کسی بھی وصولی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہوگا۔