تاریخ اشاعت: May 12, 2026 - 9:30 AM
Punjab Cabinet Approves Major Development Projects, Industrial Zones, Transport, Agriculture and Infrastructure Schemes
پنجاب کابینہ نے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں، صنعتی زونز، ٹرانسپورٹ، زراعت اور انفراسٹرکچر سکیموں کی منظوری دے دی
▫️منظور کیے گئے منصوبوں میں قائد اعظم بزنس پارک میں 200 ایکڑ توسیع، مری گلاس ٹرین ، سڑکوں کی بحالی شامل، انڈسٹریل زونز میں پلاٹوں کی لیز اور کرائے سے متعلق قواعد و ضوابط اور ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دیدی گئی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 34 ویں اجلاس میں پنجاب بھر کے لیے متعدد اہم ترقیاتی، صنعتی، زرعی، ٹرانسپورٹ، صحت، ماحولیات اور انفراسٹرکچر منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ رقبے کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ گارمنٹ سٹی اور مختلف انڈسٹریل زونز میں پلاٹوں کی لیز اور کرائے سے متعلق قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ سپیشل اکنامک زونز کی سہولت کے لیے ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے پنجاب میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ نظام کے نفاذ کی منظوری دی، جس کا مقصد شاہراہوں کو بھاری گاڑیوں کے اضافی بوجھ سے محفوظ بنانا اور روڈ انفراسٹرکچر کی پائیداری کو بہتر بنانا ہے۔ اسی طرح جدید صوبائی ٹریفک مینجمنٹ اینڈ کمانڈ سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جس سے ٹریفک کنٹرول، نگرانی اور شہری نقل و حرکت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مری گلاس ٹرین منصوبے کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کو مری میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
زراعت کے شعبے میں چولستان اور کچے کے علاقوں کے لیے آسان شرائط پر ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سکیم کے لیے 30 ہزار لاٹس کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ اب تک تقریباً 2 لاکھ خاندانوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکیم کی کڑی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سکیم سے متعلق مکمل معلومات ایک کلک پر دستیاب ہونی چاہئیں۔
اجلاس میں پوٹھوہار میں زراعت کی تبدیلی کے منصوبے اور سبسڈی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ کسانوں کی شمولیت کے لیے ای ڈبلیو آر اور کموڈٹی ٹریڈنگ سسٹم کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد زرعی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کسانوں کو بہتر مارکیٹ رسائی فراہم کرنا ہے۔
ماحولیات اور توانائی کے شعبے میں پنجاب کے لیے نیو انرجی وہیکل پالیسی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بینک آف پنجاب کو ’’کلین ایئر پروگرام‘‘ کے لیے مالیاتی ایجنٹ مقرر کرنے کی بھی منظوری دی، جسے صوبے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ماحول دوست اقدامات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
کابینہ نے سیلاب سے بچاؤ اور دریاؤں کے کٹاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ اے ڈی پی میں دیگ نالہ پر فلڈ بند کی تعمیر کے منصوبے کی شمولیت، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ہل ٹورنٹس منصوبوں کی شمولیت اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تنظیم نو اور استعداد کار بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔
صحت کے شعبے میں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر ایکٹ 2026 کے ڈرافٹ بل کی منظوری دی گئی، جبکہ چیف منسٹر سٹروک انیشیٹو، یعنی فالج سے بچاؤ کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ داتا دربار ہسپتال کا انتظام محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول لینے کی منظوری بھی اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں ایکوا کلچر اتھارٹی آف پنجاب کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ مظفرگڑھ میں پہلے شرمپ اسٹیٹ کے مقام اور نام کی تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔ شرمپ اسٹیٹس کے قیام کے لیے جنگلات کی اراضی کی منتقلی کی بھی منظوری دی گئی، جسے آبی زراعت اور برآمدی شعبے کے فروغ کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔
انفراسٹرکچر کے شعبے میں لالہ موسیٰ سے موئیوانہ تک سڑک کی تعمیر کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ اس سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔ اس کے علاوہ ضلع ساہیوال، میانوالی اور فیصل آباد میں سڑکوں کی بحالی کی اضافی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں شیخوپورہ میں 500 ملین روپے کی ترقیاتی سکیموں کو اے ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ بھوربن مری میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کے قیام کے لیے زمین کی ضرورت کی حد میں نرمی کی منظوری دی گئی، جبکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔
تعلیم اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبے میں یو ای ٹی سب کیمپس نارووال کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی آف انجینئرنگ نارووال بنانے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے والے سرکاری کالجوں کے اصل ناموں کی بحالی کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پنجاب میں صنعت لگانا چاہتا ہے، حکومت اس کی مکمل معاونت کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صنعت کار اپنا کنسٹرکشن پلان لے کر آئیں، انڈسٹری لگانے کا عمل آسان بنایا جائے اور این او سیز یا دیگر منظوریوں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے خرچ کر کے بعد میں بل بھیجنے کا طریقہ قابل قبول نہیں، ہر خرچ سے پہلے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے تمام مالی واجبات کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کام کروائے اور ادائیگی نہ کرے، یہ رویہ قابل قبول نہیں۔