تاریخ اشاعت: January 10, 2026 - 5:23 PM
Punjab Govt Agrees in Principle to Amend Property Ownership Act
پنجاب پراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں متوقع ترامیم پر اصولی اتفاق
▫️ عدالتی اعتراضات کے بعد ٹریبونلز میں سروس ججز کی تعیناتی اور عدالتی اختیارات کی بحالی
▫️ سول ججز کو ابتدائی جانچ کا اختیار، ہائیکورٹ میں اپیل کا حق برقرار
لاہور | ری نیوز پاکستان
پنجاب حکومت نے شدید قانونی دباؤ اور عدالتی اعتراضات کے بعد پراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں ترامیم پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے، جسے عدالتی اختیارات کی بحالی اور قانونی شفافیت کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ...
لاہور | ری نیوز پاکستان
پنجاب حکومت نے شدید قانونی دباؤ اور عدالتی اعتراضات کے بعد پراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں ترامیم پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے، جسے عدالتی اختیارات کی بحالی اور قانونی شفافیت کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درجنوں آئینی درخواستوں اور وکلا تنظیموں کے تحفظات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
مجوزہ ترامیم کے تحت پراپرٹی اونرشپ ایکٹ کے تحت قائم ٹریبونلز میں ریٹائرڈ سیشن ججز کے بجائے سروس میں موجود ایڈیشنل سیشن ججز کی تعیناتی کی جائے گی، تاکہ عدالتی خودمختاری، شفافیت اور اعتماد کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ سول ججز کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ غیر قانونی قبضے سے متعلق درخواستوں کا ابتدائی جائزہ لے کر، قانونی معیار پر پورا اترنے کی صورت میں، انہیں ضلعی کمیٹیوں کو ارسال کریں۔
نئی ترامیم کے مطابق ضلعی کمیٹیاں اب براہِ راست زیرِ سماعت مقدمات کا فیصلہ نہیں کریں گی۔ کسی بھی درخواست کو کمیٹی کے پاس بھیجنے کا اختیار صرف سول جج کے پاس ہوگا۔ اس سے قبل متاثرہ فریق کو براہِ راست کمیٹی سے رجوع کرنے کی اجازت پر عدلیہ اور وکلا کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جنہیں اب دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی تھی، کیونکہ درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ یہ قانون عدالتی اختیارات محدود کرتا اور شہریوں کو روایتی عدالتی فورمز سے محروم کرتا ہے۔ اسی پس منظر میں حکومت نے اعلیٰ سطحی قانونی کمیٹی تشکیل دی، جس نے اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لے کر ترامیم تجویز کیں۔
مجوزہ مسودے میں یہ شق بھی شامل کی گئی ہے کہ ٹریبونلز کے عبوری احکامات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کا حق برقرار رہے گا، جبکہ عدالتی نظرِ ثانی (Judicial Review) کی گنجائش بھی واضح طور پر شامل کی جا رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ زمین اور جائیداد سے متعلق تنازعات کے فوری حل کے ساتھ آئینی تقاضوں اور عدالتی نگرانی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
قانونی حلقوں کے مطابق اگر یہ ترامیم حتمی منظوری حاصل کر لیتی ہیں تو عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں کمی آئے گی اور جائیداد سے متعلق مقدمات میں شفافیت اور عوامی اعتماد بحال ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسودہ اس وقت مشاورت کے آخری مرحلے میں ہے اور اتفاقِ رائے کے بعد اس کے باضابطہ نفاذ کا امکان ہے۔