تاریخ اشاعت: June 18, 2026 - 9:45 AM
Punjab Proposes Major Increase in Agricultural Tax and Water Charges in Finance Bill 2026
پنجاب فنانس بل 2026 میں زرعی ٹیکس اور آبیانہ میں بڑے اضافے کی تجویز
▫️بڑی زرعی زمینوں اور باغات پر ٹیکس شرحیں بڑھانے کی تجویز، صوبائی محصولات میں اضافے کیلئے آبپاشی چارجز کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری
پنجاب حکومت نے فنانس بل 2026 کے تحت زرعی ٹیکس اور آبپاشی چارجز میں اہم تبدیلیوں کی تجویز پیش کر دی ہے، جس کے تحت بڑی زرعی زمینوں اور باغات پر ٹیکس شرحیں بڑھانے کے ساتھ ساتھ صوبے کی زرعی معیشت کو سہارا دینے کیلئے بعض ریلیف اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
زرعی انکم ٹیکس رولز میں مجوزہ ترامیم کے مطابق ساڑھے 12 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے مالکان زرعی ٹیکس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ تاہم ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد اور 25 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے مالکان کیلئے ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ اس کی شرح موجودہ 300 روپے فی ایکڑ کے بجائے ایک ہزار روپے فی ایکڑ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح 25 ایکڑ سے زائد اور 50 ایکڑ تک زرعی زمین پر بھی موجودہ 400 روپے فی ایکڑ کے بجائے ایک ہزار روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، جبکہ 50 ایکڑ سے زائد زمین پر ٹیکس 500 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے فی ایکڑ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکومت نے باغات پر بھی ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ نئے مجوزہ نظام کے تحت پختہ باغات پر ٹیکس 600 روپے فی ایکڑ سے بڑھا کر ایک ہزار روپے فی ایکڑ کیا جائے گا، جبکہ غیر آبپاش باغات پر ٹیکس 300 روپے سے بڑھا کر 500 روپے فی ایکڑ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایک اور اہم پالیسی تبدیلی کے تحت صوبائی حکومت نے موجودہ فصل کی بنیاد پر عائد آبیانہ نظام ختم کر کے یکساں فلیٹ ریٹ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز دی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت خریف سیزن میں پانی کے چارجز ایک ہزار 650 روپے فی ایکڑ جبکہ ربیع سیزن میں 850 روپے فی ایکڑ وصول کیے جائیں گے، چاہے فصل کی نوعیت کچھ بھی ہو۔
حکام کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا، محصولات کی وصولی بہتر کرنا اور صوبے بھر میں زرعی ٹیکس اور آبپاشی چارجز کیلئے زیادہ یکساں فریم ورک قائم کرنا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے زرعی شعبے کیلئے ریلیف اقدامات بھی تجویز کیے ہیں، جن میں جننگ فیکٹریوں میں خام کپاس کی آمد پر وصول کی جانے والی کاٹن فیس ختم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ اس اقدام سے کپاس کی صنعت کو سہارا ملے گا، جو گزشتہ چند برسوں سے پیداوار میں کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے۔
حکومتی تخمینوں کے مطابق کپاس کی پیداوار میں کمی کے باعث خصوصاً جنوبی پنجاب میں متعدد جننگ یونٹس بند ہوئے، جس سے کسانوں، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ کاٹن فیس کے خاتمے سے شعبے کے آپریشنل اخراجات میں کمی اور زرعی و صنعتی سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
مجوزہ اقدامات کو مالی سال 27-2026 کے صوبائی بجٹ عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔ منظوری کی صورت میں یہ اقدامات پنجاب کے زرعی ٹیکس اور آبپاشی محصولات کے نظام میں نمایاں تبدیلی لا سکتے ہیں، جبکہ کاشتکار معیشت کے اہم شعبوں کو مخصوص ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔