کراچی | ری نیوز پاکستان
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری سے متعلق قواعد میں ترامیم کرتے ہوئے کمپنیوں، سٹارٹ اپس، میوچل فنڈز، رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs) اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز میں سرمایہ کاری کی نئی حدیں مقرر کردی ہیں۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق کارپوریٹ اور کمرشل بینکنگ کے پروڈینشل ریگولیشنز کے ضابطہ R-6 میں ترامیم کی گئی ہیں۔ نئے قواعد کا اطلاق بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں پر ہوگا۔
نئی ہدایات کے تحت کوئی بھی بینک یا ترقیاتی مالیاتی ادارہ کسی ایک کمپنی کے شیئرز میں اپنے بنیادی سرمائے (Tier-I Capital) کے 5 فیصد یا متعلقہ کمپنی کے ادا شدہ حصص کے 10 فیصد میں سے جو حد کم ہو، اس سے زیادہ سرمایہ کاری نہیں کرسکے گا۔
سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے لیے بھی واضح حد مقرر کردی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک کسی ایک اسٹارٹ اپ میں زیادہ سے زیادہ 50 کروڑ یا اپنے بنیادی سرمائے کے 5 فیصد میں سے جو رقم کم ہو، اس حد تک سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ فن ٹیک اسٹارٹ اپس بھی ان قواعد کے دائرے میں شامل ہوں گے۔
سٹیٹ بینک نے میوچل فنڈز، رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز میں سرمایہ کاری کی حدود بھی متعین کردی ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق کسی ایک فنڈ میں بینک کی سرمایہ کاری اس کے بنیادی سرمائے کے 5 فیصد یا متعلقہ فنڈ کے مجموعی یونٹس کے 20 فیصد میں سے کم حد سے تجاوز نہیں کرسکے گی۔
یہ تبدیلی رئیل اسٹیٹ کے شعبے کے لیے بھی اہم ہے کیونکہ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کے ذریعے جائیدادوں اور متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔ نئی حدود بینکوں کی جانب سے ایسے فنڈز میں سرمایہ کاری کے حجم پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔
مرکزی بینک نے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے لیے شیئرز میں سرمایہ کاری سے متعلق باقاعدہ منظور شدہ پالیسی اور اندرونی جانچ پڑتال کا نظام برقرار رکھنا بھی لازمی قرار دیا ہے۔
اس پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کا فیصلہ کرنے سے پہلے ادارے کی مالی حیثیت، مجموعی سرمایہ کاری، خطرات برداشت کرنے کی صلاحیت، متوقع منافع، متعلقہ شعبے میں مہارت اور کاروباری حکمت عملی کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔ سرمایہ کاری سے نکلنے کی حکمت عملی بھی جانچ پڑتال کا حصہ ہوگی۔
سٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری اور میوچل فنڈز و پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز میں سرمایہ کاری کو بھی مجموعی سرمایہ کاری کی مقررہ حدود میں شمار کیا جائے گا، تاہم نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے یونٹس کو اس کی نجکاری تک استثنا حاصل رہے گا۔
نئی ہدایات کے تحت بنیادی سرمائے کا تعین بینکوں اور مالیاتی اداروں کے گزشتہ ششماہی نظرثانی شدہ یا سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ان ترامیم کا مقصد بینکوں کی سرمایہ کاری کو متعین حدود میں رکھنا اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں مالیاتی خطرات کی جانچ پڑتال کو یقینی بنانا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق متعلقہ موضوع پر دیگر موجودہ ہدایات بدستور نافذ رہیں گی۔