تاریخ اشاعت: August 27, 2026 - 12:27 PM
Senate Questions Reduction in Journalists’ Quota in Government Housing Schemes, Matter Referred to Committee
سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں صحافیوں کا کوٹہ کم ہونے پر سینیٹ میں سوال، معاملہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا
▫️فیز ون میں 2 فیصد جبکہ فیز ٹو میں صحافیوں کے لیے ایک فیصد کوٹہ مختص، 85 پلاٹس دستیاب، شفاف اور سینیارٹی کی بنیاد پر الاٹمنٹ کی ہدایت
سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے مختص کوٹے میں کمی کا معاملہ سینیٹ تک پہنچ گیا، جہاں ارکان نے فیز ٹو میں صحافیوں کا کوٹہ 2 فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے پر سوالات اٹھاتے ہوئے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔
سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی ہاؤسنگ سکیموں کے پہلے مرحلے میں صحافیوں کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص تھا، تاہم ممبرشپ ڈرائیو ٹو کے تحت صحافیوں کے لیے یہ کوٹہ ایک فیصد رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے کیسز الاٹمنٹ سے قبل وزارتِ اطلاعات و نشریات کو جانچ پڑتال اور سفارشات کے لیے بھیجے جاتے ہیں، جبکہ متعلقہ فہرستیں بھی وزارتِ اطلاعات فراہم کرتی ہے۔
سینیٹر سید وقار مہدی سمیت دیگر ارکان نے سوال اٹھایا کہ صحافیوں کے کوٹے میں کمی کی بنیاد کیا ہے اور کیا صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تعداد میں کوئی کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث 2 فیصد کوٹہ کم کرکے ایک فیصد کیا گیا۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ سابقہ کوٹے کی بحالی پر غور کیا جائے۔ بعد ازاں چیئرمینِ اجلاس نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا تاکہ پالیسی، کوٹے اور الاٹمنٹ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا سکے۔
یہ معاملہ محض سینیٹ کے حالیہ اجلاس تک محدود نہیں بلکہ رواں ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے بھی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کی تھی۔ سینیٹر سید وقار مہدی کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کو صحافیوں کے لیے مختص پلاٹس اور فلیٹس کی بروقت اور شفاف تقسیم، موجودہ کوٹے کا جائزہ لینے اور الاٹمنٹ کے طریقہ کار کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
24 اگست کو ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں FGEHA کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا تھا کہ فیز ٹو میں مختلف کیٹیگریز کے مجموعی طور پر 85 پلاٹس دستیاب ہیں اور صحافیوں کے لیے ایک فیصد کوٹہ مختص ہے۔ کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ فیز ون میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے 2 فیصد کوٹہ رکھا گیا تھا جبکہ فیز ٹو میں صحافیوں کے لیے ایک فیصد مختص کیا گیا۔ اہل درخواست گزاروں کے لیے کم از کم 20 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ، اسلام آباد یا راولپنڈی میں خدمات انجام دینا اور متعلقہ اخبار کا گزشتہ تین سال سے سینٹرل میڈیا لسٹ میں شامل ہونا جیسی شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔
ذیلی کمیٹی نے تمام اہل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سینیارٹی کے مطابق زیرِ غور لانے اور الاٹمنٹ کے عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ میڈیا نمائندوں نے اجلاس میں بعض پرانے زیرِ التوا کیسز اور سابقہ سکیموں میں الاٹمنٹ کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ فیز ٹو میں بھی شفافیت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل فروری 2026 میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے بھی صحافیوں کے ہاؤسنگ کوٹے کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے 2 فیصد کوٹہ بحال کرنے کی سفارش کی تھی۔ کمیٹی نے شفاف اور میرٹ پر مبنی الاٹمنٹ کے لیے صحافتی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل سکروٹنی کمیٹی بنانے اور زیرِ التوا معاملات کو تیزی سے نمٹانے کی ہدایت کی تھی۔
حالیہ پیش رفت سے واضح ہے کہ صحافیوں کے ہاؤسنگ کوٹے، زیرِ التوا درخواستوں اور الاٹمنٹ کے طریقہ کار کا معاملہ اب پارلیمانی نگرانی کے دائرے میں آ چکا ہے۔ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے کوٹے کی موجودہ پالیسی کا جائزہ اور ممکنہ طور پر 2 فیصد کوٹہ بحال کرنے کی سفارش آئندہ مرحلے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔