تاریخ اشاعت: September 20, 2026 - 1:01 AM
Sindh Orders Province-Wide Fire Safety Audits of School Buildings
سندھ میں سکول عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم
▫️سکولوں کو فائر الارم، سموک ڈیٹیکٹرز اور فائر ایکسٹنگوشرز فعال رکھنے، ہنگامی راستے کھلے رکھنے کی ہدایت
کراچی | ری نیوز پاکستانسندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو مؤثر بنانے اور آتشزدگی کے خطرات کم کرنے کے لیے صوبے بھر میں اسکولوں کی عمارتوں کے جامع فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا۔
سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو مؤثر بنانے اور آتشزدگی کے خطرات کم کرنے کے لیے صوبے بھر میں اسکولوں کی عمارتوں کے جامع فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا۔
فیصلے کے تحت متعلقہ حکام سکولوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لے کر اس کی تفصیلات مرتب کریں گے، جنہیں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد صوبے بھر کے سکولوں میں فائر سیفٹی کی صورتحال کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ڈپٹی سیکریٹری اشرف حسین انصاری کو فائر سیفٹی آڈٹ سے متعلق امور کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا ہے، جو متعلقہ محکموں اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے امور دیکھیں گے۔
یہ اقدام سندھ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے اگست میں جاری کی گئی فائر سیفٹی ہدایات کے بعد سامنے آیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ نے تمام نجی سکولوں کو ہدایت کی تھی کہ آگ سے بچاؤ اور فائر سیفٹی کے لیے ضروری تمام نظام ہر وقت فعال حالت میں رکھے جائیں۔
سکولوں کو فائر الارم اور اسموک ڈیٹیکٹرز نصب کرنے اور ان کی باقاعدگی سے جانچ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جبکہ ہر منزل اور اہم مقامات پر موزوں فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی بھی یقینی بنانے کا کہا گیا تھا۔
حکام نے سکولوں کو ہنگامی اخراج کے راستے، سیڑھیاں اور ایویکیویشن روٹس ہر وقت کھلے رکھنے، واضح نشانات لگانے، مناسب روشنی کا انتظام کرنے اور راستوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
فائر سیفٹی اقدامات کے تحت بجلی کی وائرنگ اور سوئچ بورڈز، لیبارٹریز، کچن، جنریٹر رومز اور دیگر ممکنہ خطرناک مقامات کا باقاعدگی سے معائنہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں کو تازہ ترین ایویکیویشن پلانز اور ہنگامی صورتحال سے متعلق ہدایات نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکولوں کو ہر تعلیمی سال کے دوران کم از کم تین فائر ایویکیویشن ڈرلز کرانے اور ان کی مکمل دستاویزات محفوظ رکھنے کا پابند کیا گیا ہے۔
حفاظتی اقدامات کے ساتھ اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تربیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ عملے کو فائر ایمرجنسی سے نمٹنے، انخلا کے طریقہ کار اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق بنیادی تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبے بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ کا مقصد محض حفاظتی ہدایات جاری کرنے کے بجائے سکولوں میں فائر سیفٹی کی صورتحال کی باقاعدہ نگرانی اور ریکارڈ مرتب کرنا ہے۔ آڈٹ سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے حکام حساس اور کمزور عمارتوں کی نشاندہی کرکے فائر سیفٹی کے مقررہ معیار پر عمل درآمد بہتر بنانے کے اقدامات کر سکیں گے۔