تاریخ اشاعت: September 2, 2026 - 5:01 PM
UN Warns Millions Face Growing Glacial Flood Risks, Putting Homes and Infrastructure in Himalayan Region at Risk
اقوام متحدہ نے گلیشیائی سیلاب کے بڑھتے خطرے سے خبردار کردیا،بہمالیائی خطے میں لاکھوں افراد، گھروں اور انفرااسٹرکچر کو خطرات
▫️تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے سے دریائی آبادیوں، ہائیڈرو پاور منصوبوں اور جائیدادوں کو خطرہ بڑھ گیا
اسلام آباد | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزاقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے سے ہمالیائی اور ہندوکش خطے کے بڑے دریاؤں کے ساتھ آباد لاکھوں افراد کو گلیشیائی سیلاب کے بڑھتے خطرات کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے سے ہمالیائی اور ہندوکش خطے کے بڑے دریاؤں کے ساتھ آباد لاکھوں افراد کو گلیشیائی سیلاب کے بڑھتے خطرات کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور ایشیا و بحرالکاہل کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی ریجنل ڈائریکٹر کنی وگناراجا نے کہا ہے کہ گلیشیائی سیلاب کا بڑھتا خطرہ دریاؤں کے کنارے آباد آبادیوں، گھروں، جائیدادوں اور اہم انفرااسٹرکچر کے لیے سنگین مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بعض دریائی علاقوں میں خطرات اس حد تک بڑھ سکتے ہیں کہ وہاں انسانی آبادی کا مستقل قیام بھی مشکل یا غیر محفوظ ہو جائے، جبکہ پن بجلی کے منصوبے بھی اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
کنی وگناراجا نے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بڑے دریائی نظاموں میں گلیشیائی جھیلوں کے پانی کے اچانک اخراج سے ہونے والے نقصانات کو روکنے کے لیے ٹیکنالوجی اتنی تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہی جتنی تیزی سے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
محققین نے 2020 میں نیپال، چین اور بھارت میں 47 ایسی گلیشیائی جھیلوں کی نشاندہی کی تھی جنہیں ممکنہ طور پر خطرناک قرار دیا گیا تھا، تاہم تازہ جائزوں کے مطابق اب ایسے خطرناک مقامات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔
کنی وگناراجا کے مطابق یو این ڈی پی اور اس کے شراکت دار اداروں کی جانب سے جون میں مرتب کیے گئے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس خطرے سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔
یہ انتباہ نیپال میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں لینگ ٹانگ لیرونگ پہاڑ کے قریب گلیشیئر کا ایک حصہ ٹوٹ کر وادی میں جا گرا۔ اس واقعے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ایک طاقتور سیلابی ریلا دریائے تریشولی میں داخل ہو گیا۔
گلیشیائی جھیل کے اچانک پھٹنے سے آنے والے سیلاب کو گلیشیئر کے براہِ راست ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے سیلاب سے مختلف سمجھا جاتا ہے۔ گلیشیائی جھیلوں میں برف پگھلنے سے پانی جمع ہوتا رہتا ہے اور قدرتی رکاوٹ پر دباؤ بڑھنے کے نتیجے میں یہ رکاوٹ ٹوٹ سکتی ہے یا پانی اس کے اوپر سے گزر سکتا ہے، جس سے اچانک شدید سیلابی ریلا نشیبی علاقوں کی جانب بڑھتا ہے۔
اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث خطے بھر میں گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ برف کے پگھلنے سے پہاڑی چٹانیں غیر مستحکم ہو سکتی ہیں جبکہ گلیشیائی جھیلوں کو روکنے والی قدرتی رکاوٹوں پر پانی کا دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔
خطے کی جغرافیائی اور ارضیاتی صورتحال بھی خطرات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ کنی وگناراجا کے مطابق ہمالیائی پہاڑی سلسلہ نسبتاً نیا ہے اور یہاں ٹیکٹونک سرگرمیوں کا خطرہ موجود رہتا ہے، جو گلیشیئرز کے اچانک ٹوٹنے یا گلیشیائی جھیلوں کی قدرتی رکاوٹوں کے ناکام ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔
ہندوکش اور ہمالیہ کے وسیع علاقوں میں ممکنہ طور پر خطرناک گلیشیائی جھیلوں کی نشاندہی کے بعد ان کے نیچے واقع آبادیوں، ہاؤسنگ علاقوں، زرعی زمین، سڑکوں، پلوں اور دیگر اہم انفرااسٹرکچر کے مستقبل کے تحفظ پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق بڑھتے گلیشیائی خطرات کے پیش نظر مستقبل میں ہاؤسنگ منصوبہ بندی، زمین کے استعمال اور بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں کی منظوری کے دوران موسمیاتی اور سیلابی خطرات کو بنیادی اہمیت دینا ضروری ہوگا۔ بالخصوص نئے رہائشی منصوبوں اور ہاؤسنگ سکیموں کو ممکنہ سیلابی راستوں سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ حساس آبادیوں کے لیے مؤثر پیشگی وارننگ اور بروقت انخلا کا نظام بھی ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔