تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 2:45 PM
Women Can Also be Appointed as Permanent Lumberdars, Lahore High Court Rules in Landmark Judgment
خواتین بھی مستقل لمبر دار مقرر ہو سکتی ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ
▫️دیہی نظم و نسق اور ریونیو انتظامیہ اس وقت مزید مؤثر ہو سکتی ہے جب باصلاحیت خواتین کو اُن ادارہ جاتی کرداروں میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے جو ماضی میں صرف مردوں تک محدود سمجھے جاتے رہے ہیں، عدالت کے ریمارکس
لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کو پنجاب میں مستقل لمبر دار مقرر کیے جانے کا قانونی حق دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے انتظامی احکامات کالعدم قرار دے دیے اور واضح کیا ہے کہ صرف جنس کی بنیاد پر کسی خاتون کو اس عہدے سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
جسٹس راحیل کامران کی جانب سے جاری سات صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں لودھراں کی ایک خاتون درخواست گزار کی درخواست منظور کر لی گئی، جس میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کسی دوسرے شخص کو مستقل لمبر دار مقرر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ آئینِ پاکستان خواتین کو مساوات، شمولیت اور عوامی زندگی میں منصفانہ نمائندگی کا حق دیتا ہے، جبکہ کسی بھی قانون میں ایسی کوئی پابندی موجود نہیں جو خواتین کو لمبر دار کا عہدہ سنبھالنے سے روکتی ہو۔
فیصلے میں کہا گیا: “یہ عدالت آئین میں دی گئی مساوات، شمولیت اور خواتین کی عوامی امور میں منصفانہ شرکت کے اصولوں سے صرفِ نظر نہیں کر سکتی۔ ایسا کوئی قانونی جواز پیش نہیں کیا گیا جو کسی خاتون کو لمبر دار کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیتا ہو۔”
عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کے والد اسی گاؤں کے مستقل لمبر دار تھے اور ان کے انتقال کے بعد خاتون درخواست گزار 2002 سے سربراہ لمبر دار کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار نہ صرف دیہی انتظامیہ اور ریونیو امور کا وسیع تجربہ رکھتی تھیں بلکہ وہ مرحوم لمبر دار کے ساتھ سرکاری معاملات میں بھی عملی معاونت کرتی رہی ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ لمبر دار کا عہدہ محض رسمی نوعیت کا نہیں بلکہ اس کے لیے ریونیو نظام سے واقفیت، سرکاری حکام سے رابطہ، مقامی معاملات کا علم اور عوامی رسائی ضروری ہوتی ہے۔
جسٹس راحیل کامران نے قرار دیا کہ اگر کوئی خاتون امیدوار مقررہ قانونی اور انتظامی معیار پر پورا اترتی ہو تو اس کی درخواست کو مرد امیدواروں کے برابر غیر جانبدارانہ اور میرٹ کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ دیہی نظم و نسق اور ریونیو انتظامیہ اس وقت مزید مؤثر ہو سکتی ہے جب باصلاحیت خواتین کو اُن ادارہ جاتی کرداروں میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے جو ماضی میں صرف مردوں تک محدود سمجھے جاتے رہے ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا: “خواتین کی شمولیت مساوی مواقع کے آئینی اصولوں کو فروغ دیتی ہے اور غیر جانبدار انتظامیہ پر عوامی اعتماد کو مضبوط بناتی ہے۔ خواتین کی امیدوار ی کو میرٹ کے بجائے کسی اور بنیاد پر کمزور کرنا قابل قبول نہیں۔”
قانونی ماہرین کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا یہ فیصلہ پنجاب میں دیہی سطح پر خواتین کی نمائندگی اور انتظامی کردار کے حوالے سے ایک اہم آئینی اور سماجی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔