تاریخ اشاعت: September 3, 2026 - 3:20 PM
Crackdown on Environmental Polluters, Surveillance Tightened Through Safe City Cameras and Drones
ماحولیاتی آ لودگی پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز سے نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ
▫️دو روز میں ماحولیاتی آلودگی کی 300 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ای چالان جاری
لاہور | ری نیوز پاکستانسیف سٹیز اتھارٹی پنجاب نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے نگرانی اور کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی پنجاب نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے نگرانی اور کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آ لودگی پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ساتھ جدید ڈرونز سے بھی مانیٹرنگ سخت کی جائے گی۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی 300 سے زائد خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو ای چالان بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ تعمیراتی سامان، ریت، مٹی اور دیگر گردوغبار پھیلانے والے مواد کو بغیر ترپال ڈھانپے لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ متعلقہ اداروں کو خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی کرکے فوری ایکشن کے لیے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہر میں قائم 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے حاصل ہونے والی معلومات متعلقہ محکموں تک بروقت پہنچائی جا رہی ہیں، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، کیمروں اور ڈرونز کے استعمال سے سموگ اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزیوں کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔