تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 5:50 PM
Italy: Videos of 65 Year Abandoned ‘Ugliest’ Beach House Transformation Go Viral, Surpass 50 Million Views
اٹلی: 65 سال سے خالی ’بدصورت ترین‘ بیچ ہاؤس کی تبدیلی کے بعد کی ویڈیوز وائرل، 5 کروڑ سے زائد ویوز
▫️ فالوورز کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، استعمال نہ ہونے کے باعث گھر نمی، پھپھوندی اور سمندری ہوا سے بری طرح متاثر ہوچکا تھا
سسلی | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزاٹلی کے جزیرے سسلی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ گیبریئل آندریوزی کی تقریباً 65 سال سے خالی پڑے ساحلی گھر کی تزئین و آرائش کی کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔
اٹلی کے جزیرے سسلی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ گیبریئل آندریوزی کی تقریباً 65 سال سے خالی پڑے ساحلی گھر کی تزئین و آرائش کی کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔
ساحل کے عین سامنے واقع یہ گھر کئی دہائیوں تک استعمال نہ ہونے کے باعث نمی، پھپھوندی اور سمندری ہوا سے بری طرح متاثر ہوچکا تھا اور اس کی حالت انتہائی خراب بتائی جاتی ہے۔
گیبریئل آندریوزی نے گھر خریدنے کے بعد اس کی مکمل تزئین و آرائش کا سفر ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر شیئر کرنا شروع کیا، جہاں پرانے اور خستہ حال مکان کو مرحلہ وار نئے گھر میں تبدیل کرنے کی ویڈیوز نے صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
صرف تین ماہ کے دوران اس کے سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، جبکہ گھر کی تبدیلی سے متعلق مختلف ویڈیوز مجموعی طور پر 5 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھی جا چکی ہیں۔
اس منصوبے کی مجموعی لاگت 7 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے، جس میں مکان کی خریداری کے ساتھ بڑے پیمانے پر اس کی تعمیر نو اور اندرونی و بیرونی حصوں کی بحالی شامل ہے۔
اس گھر کو سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس کی پرانی حالت کے باعث ’’بدصورت ترین بیچ ہاؤس‘‘ کا نام دیا، تاہم تزئین و آرائش کے عمل نے اسے انٹرنیٹ پر ایک مقبول رئیل اسٹیٹ کہانی میں تبدیل کردیا ہے۔
پرانے اور نظرانداز شدہ گھروں کی بحالی سے متعلق ویڈیوز حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی ہیں، لیکن گیبریئل کے منصوبے نے اپنی ساحلی لوکیشن، کئی دہائیوں کی خستہ حالی اور بڑے پیمانے پر تبدیلی کے باعث غیرمعمولی توجہ حاصل کی ہے۔