تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 4:12 PM
Lahore Rents Outpace Salaries, Triggering Fresh Landlord Versus Tenant Debate Online
لاہور میں کرائے تنخواہوں سے آگے نکل گئے، سوشل میڈیا پر کرایہ داروں اور مالکان کی نئی بحث
▫️ڈی ایچ اے لاہور میں مکان کا اوسط ماہانہ کرایہ 2 لاکھ 81 ہزار، جوہر ٹاؤن میں 2 لاکھ 24 ہزار اور بحریہ ٹاؤن میں ایک لاکھ 65 ہزار روپے تک پہنچ گیا
لاہور | ری نیوز پاکستان لاہور میں رہائشی املاک کے بڑھتے ہوئے کرایوں نے سوشل میڈیا پر مالک مکان بمقابلہ کرایہ دار کی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مختلف آن لائن گروپس اور پراپرٹی فورمز پر رہائشی مکانات کے کرایوں میں مسلسل اضافے، سکیورٹی ڈپازٹ، ...
لاہور میں رہائشی املاک کے بڑھتے ہوئے کرایوں نے سوشل میڈیا پر مالک مکان بمقابلہ کرایہ دار کی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مختلف آن لائن گروپس اور پراپرٹی فورمز پر رہائشی مکانات کے کرایوں میں مسلسل اضافے، سکیورٹی ڈپازٹ، پیشگی ادائیگی اور سالانہ اضافے کی شرح سے متعلق اپنے تجربات اور تحفظات شیئر کر رہے ہیں۔
متعدد کرایہ داروں کا کہنا ہے کہ باقاعدہ کرایہ نامہ موجود ہونے کے باوجود بعض اوقات معاہدے کی مدت مکمل ہونے سے پہلے اضافی کرایہ طلب کیا جاتا ہے، جبکہ مکان خالی کرتے وقت سکیورٹی ڈپازٹ کی واپسی میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ کچھ صارفین نے مرمت، رنگ و روغن اور معمولی نقصان کے نام پر ڈپازٹ سے بھاری رقم منہا کیے جانے کی شکایات بھی کی ہیں۔
دوسری جانب مالک مکان مؤقف اختیار کر رہے ہیں کہ پراپرٹی ٹیکس، تعمیراتی سامان، مرمت، دیکھ بھال اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث کرایوں پر نظرثانی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق بعض کرایہ دار کرایہ بروقت ادا نہیں کرتے یا مکان کو نقصان پہنچاتے ہیں، جس سے مالکان کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔
دستیاب مارکیٹ رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ اے لاہور میں ایک مکان کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار روپے، جوہر ٹاؤن میں 2 لاکھ 24 ہزار روپے اور بحریہ ٹاؤن میں ایک لاکھ 65 ہزار روپے بتایا گیا ہے۔ تاہم کسی بھی علاقے میں اصل کرایہ مکان کے رقبے، محل وقوع، تعمیر کی حالت، بیڈ رومز کی تعداد اور دستیاب سہولیات کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بڑھتے کرایوں کے مقابلے میں تنخواہوں میں اسی رفتار سے اضافہ نہ ہونے کے باعث متوسط طبقے کے لیے بہتر علاقوں میں رہائش برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کرایہ ناموں کو واضح اور قابل عمل بنایا جائے، سالانہ اضافے کی شرح پہلے سے تحریر کی جائے اور سیکیورٹی ڈپازٹ کی واپسی کے لیے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے۔