تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 2:49 PM
NDMA Issues Fresh Urban and Flash Flood Alert Across Pakistan
این ڈی ایم اے کا ملک کے مختلف علاقوں میں شہری اور اچانک سیلاب کا نیا الرٹ جاری
▫️پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے متعدد شہروں میں شہری سیلاب کا خدشہ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ حساس آبادیوں کے پیشگی انخلا کی تیاری کی ہدایت
اسلام آباد | ری نیوز پاکستاننیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل مون سون بارشوں کے باعث شہری سیلاب، اچانک سیلاب اور پہاڑی ریلوں کے خطرے سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل مون سون بارشوں کے باعث شہری سیلاب، اچانک سیلاب اور پہاڑی ریلوں کے خطرے سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں صوبائی اور مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی انخلا کی تیاریاں مکمل کرنے، ریسکیو سامان اور دیگر ہنگامی وسائل پہلے سے پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، لاہور اور فیصل آباد میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان جبکہ سندھ میں میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر بھی شہری سیلاب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اتھارٹی نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں اچانک سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں پہاڑی ریلے آنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دریاؤں اور برساتی ندی نالوں کی سطح بلند ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے متعدد اضلاع کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بھی برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں سے دور رہنے، زیر آب سڑکوں اور پلوں کو عبور نہ کرنے اور سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
عوام کو تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپلی کیشن سے بھی معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔