تاریخ اشاعت: June 23, 2026 - 2:07 PM
Punjab Approves New Rules for Private Housing Schemes, Making All Approvals Digital
پنجاب میں نجی ہاؤسنگ سکیموں کیلئے نئے قواعد منظور، تمام منظوریوں کا نظام ڈیجیٹل ہوگا
▫️غیر قانونی سکیموں اور ترقیاتی کام میں تاخیر پر روزانہ 5 ہزار سے 20 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب حکومت نے نجی ہاؤسنگ سکیموں کے قواعد میں بڑی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت نئی اسکیموں اور پہلے سے منظور شدہ منصوبوں میں تبدیلیوں کیلئے تمام درخواستیں مرکزی ڈیجیٹل اپروول سسٹم کے ذریعے جمع کرانا لازمی...
پنجاب حکومت نے نجی ہاؤسنگ سکیموں کے قواعد میں بڑی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت نئی اسکیموں اور پہلے سے منظور شدہ منصوبوں میں تبدیلیوں کیلئے تمام درخواستیں مرکزی ڈیجیٹل اپروول سسٹم کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا۔
پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی امور نے پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2022 میں جامع ترامیم منظور کی ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد نجی ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت، بہتر منصوبہ بندی، مضبوط نگرانی اور عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
نئے قواعد کے تحت بغیر منظوری قائم ہونے والی ہاؤسنگ سکیموں یا مقررہ مدت میں ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے والے منصوبوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے منصوبوں پر یومیہ 5 ہزار سے 20 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
ترمیم شدہ قواعد میں زیر زمین یوٹیلیٹی سروسز، بہتر انفراسٹرکچر منصوبہ بندی اور رہائشی سہولتوں کی فراہمی کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے خریداروں کے حقوق کا تحفظ، غیر قانونی اسکیموں کی روک تھام اور کم لاگت رہائش کے منصوبوں کو فروغ ملے گا۔
نئے نظام کے تحت پانچ سے زائد مالکانِ اراضی پر مشتمل کسی بھی ہاؤسنگ سکیم کو رجسٹرڈ کمپنی یا کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے درخواست دینا ہوگی۔ منظور شدہ سکیموں میں بعد میں مالکان کی تعداد نہیں بڑھائی جا سکے گی۔
جوائنٹ وینچر منصوبوں میں شریک اداروں کی تعداد زیادہ سے زیادہ پانچ تک محدود کردی گئی ہے، جبکہ کوآپریٹو سوسائٹیوں کو جوائنٹ وینچر معاہدوں میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ ترامیم پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے مطابق تیار کی گئی ہیں اور سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوں گی۔