تاریخ اشاعت: May 20, 2026 - 6:08 PM
Positive Development for Property Market: FBR Rates Significantly Reduced in Lahore and DHA
پراپرٹی مارکیٹ کے لیے مثبت پیش رفت: لاہور اور ڈی ایچ اے میں ایف بی آر ریٹس میں نمایاں کمی کردی گئی
▫️ایف بی آر ریٹس میں کمی سے پراپرٹی ٹرانسفر کے اخراجات میں مزید کمی آئے گی، چوہدری توقیر آ صف ڈائریکٹر انفارمیشن ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن
بالخصوص ڈی ایچ اے کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایف بی آر ریٹس میں نمایاں کمی کے نوٹیفکیشن اور نئے ریٹس جاری کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں مثبت ردعمل کی توقع کی جا رہی ہے۔
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر انفارمیشن چوہدری توقیر آصف کے مطابق ایف بی آر ریٹس میں کمی سے پراپرٹی ٹرانسفر کے اخراجات میں مزید کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری، خرید و فروخت اور مجموعی رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں میں بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیون ای کے خاتمے کے بعد ایف بی آر ریٹس میں کمی پراپرٹی سیکٹر کے اعتماد کو مزید بحال کرنے کی جانب ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف خریداروں اور سرمایہ کاروں کو ریلیف ملے گا بلکہ مارکیٹ میں رکے ہوئے لین دین کو بھی دوبارہ متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈی ایچ اے میں نئے ایف بی آر ریٹس پر عمل درآمد کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جسے رئیل اسٹیٹ کمیونٹی کی جانب سے مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر ٹیکس اور ٹرانسفر اخراجات میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمیوں کا حجم مزید بڑھ سکتا ہے۔