تاریخ اشاعت: May 23, 2026 - 4:00 PM
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry Formally Launches New Website
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی ویب سائٹ کا باضابطہ اجرا
▫️سری لنکا کے ہائی کمشنر نے صدر چیمبر فاروق یوسف شیخ کے ہمراہ ویب سائٹ کا افتتاح کیا، نئی ویب سائٹ چیٹ بوٹ سے منسلک ہوگی
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنی نئی ویب سائٹ باضابطہ طور پر لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے چیمبر سے متعلق تمام ضروری معلومات ممبران، کاروباری برادری اور عام صارفین کو آن لائن دستیاب ہوں گی۔
ویب سائٹ کا افتتاح فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ فریڈ سینی ویراتنے کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر نے بٹن دبا کر ویب سائٹ کا باضابطہ اجرا کیا اور پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ نئی ویب سائٹ کو چیٹ بوٹ سے منسلک کیا جائے گا، جس کے ذریعے صنعت و تجارت سے متعلق ضروری معلومات صارفین کو ایک کلک پر فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے پورے نظام کو بتدریج ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ ممبران کو جدید، تیز رفتار اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ فاروق یوسف شیخ نے ویب سائٹ کی تیاری میں چیمبر کے آئی ٹی سیکشن کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل کاروباری برادری کے لیے سہولت، شفافیت اور بروقت معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔