تاریخ اشاعت: May 23, 2026 - 4:04 PM
DC Vehari Khalid Javed Goraya Directs Completion of Rail Bazaar Beautification by June 30
ڈی سی وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کا ریل بازار کی تزئین و آرائش 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت
▫️15 کروڑ روپے کی لاگت سے فاؤنٹین، رنگین ٹف ٹائلز اور یکساں رنگ و روغن کا کام کیا جائے گا
ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ریل بازار کی بیوٹیفکیشن کا منصوبہ 30 جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے، جبکہ ترقیاتی کاموں میں معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنایا جائے۔
ریل بازار کی تزئین و آرائش سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریل بازار کی بیوٹیفکیشن اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے شہریوں کو بہتر اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جائے گا۔
خالد جاوید گورائیہ نے بتایا کہ ریل بازار کی بیوٹیفکیشن پر 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت جدید طرز کا خوبصورت فاؤنٹین تعمیر کیا جائے گا، رنگین ٹف ٹائلز نصب کی جائیں گی اور بازار میں یکساں رنگ و روغن بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو ایک صاف ستھرا، دلکش اور خوبصورت ماحول میسر آئے گا، جبکہ بازار کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈی ڈی ڈویلپمنٹ محمد افضال، سی او ضلع کونسل و بلدیہ وہاڑی ساجد محمود اور ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ ایس فہیم شہزاد بھی موجود تھے۔