تاریخ اشاعت: June 3, 2026 - 2:25 PM
LDA DG Visits Data Darbar Expansion Project, Bhati Chowk Underpass and Railway Station
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار توسیعی منصوبے، بھاٹی چوک انڈر پاس اور ریلوے اسٹیشن کا دورہ
▫️داتا دربار توسیعی منصوبے کا 73 فیصد کام مکمل، پارکنگ ایریا، پیڈسٹرین انڈر پاس کے فنشنگ ورک کا جائزہ
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) طاہر فاروق نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور داتا دربار توسیعی منصوبے، بھاٹی چوک انڈر پاس، ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارکنگ ایریا اور ریلوے اسٹیشن تا سرکلر روڈ جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
داتا دربار توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ بھی ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے منصوبے پر جاری کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ داتا دربار توسیعی منصوبے کے تمام پہلوؤں پر بیک وقت کام جاری ہے جبکہ منصوبے کا مجموعی طور پر 73 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ نے پارکنگ ایریا، پیڈسٹرین انڈر پاس کے فنشنگ ورک کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کو ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور آئندہ مراحل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے داتا دربار آنے والے زائرین، شہریوں اور منسلک علاقوں کے رہائشیوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی جبکہ علاقے میں ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات میں بھی بہتری آئے گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے بھاٹی چوک انڈر پاس پر جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈر پاس پر کام دن رات بلا تعطل جاری ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے پر دونوں شفٹوں میں ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ باقاعدگی سے مانیٹر کی جائے تاکہ کام مقررہ معیار اور رفتار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کی تعمیر سے روزانہ لاکھوں گاڑیاں مستفید ہوں گی اور شہر کے اہم داخلی و تاریخی علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔