تاریخ اشاعت: June 8, 2026 - 10:51 AM
Bank Accounts Worth $4.5 Million Linked to Karachi Private Housing Society Frozen in Mauritius
ماریشس میں کراچی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے منسلک 4.5 ملین ڈالر کے بینک اکاؤنٹس منجمد
▫️نیب تحقیقات میں رقم حوالہ اور ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے متحدہ عرب امارات اور پھر ماریشس منتقل ہونے کا انکشاف
قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے بین الاقوامی منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماریشس میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے منسلک 4.5 ملین ڈالر مالیت کے غیر ملکی بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔ پاکستانی کرنسی میں ان اکاؤنٹس کی مالیت ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
نیب کے مطابق یہ کارروائی اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت احتساب عدالت کراچی کی باضابطہ اجازت کے بعد کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماریشس کے سلور بینک میں موجود بحریہ ٹاؤن کے مالکان سے منسلک دو غیر ملکی اکاؤنٹس کو اثاثوں کی بازیابی کی قانونی کارروائی کے تحت منجمد کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے منسلک رقوم مبینہ طور پر غیر قانونی حوالہ اور ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے بیرون ملک منتقل کی گئیں۔ نیب کے مطابق یہ فنڈز پہلے متحدہ عرب امارات بھیجے گئے، جہاں سے انہیں ماریشس منتقل کر کے مشترکہ بینک اکاؤنٹس میں رکھا گیا۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ منجمد کیے گئے اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 4.5 ملین ڈالر موجود ہیں، جن کی ضبطی اور پاکستان واپسی کے لیے وزارت خارجہ کے ذریعے قانونی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی اب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
نیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک موجود غیر قانونی اثاثوں کی نشاندہی، ضبطی اور واپسی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ادارے کے مطابق یہ اقدام منی لانڈرنگ اور غیر قانونی سرمائے کی بیرون ملک منتقلی کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے ۔