تاریخ اشاعت: June 8, 2026 - 5:02 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings, Seals 208 Properties
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 208 املاک سیل
▫️سیل کی گئی املاک میں سکول، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، سیلون، کلینکس، فارمیسیز، ورکشاپس اور دکانیں شامل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 208 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی جانب سے ڈیفنس روڈ، علامہ اقبال ٹاؤن، سبزہ زار، جی ٹی روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں کی گئیں۔
آپریشن کے دوران ڈیفنس روڈ پر 110 غیر قانونی کمرشل دکانیں سربمہر کی گئیں، جبکہ کمرشل فیسوں کی عدم ادائیگی پر علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار میں 45 املاک کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح غیر قانونی کمرشل استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں مزید 53 املاک سیل کی گئیں۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلونز، کلینکس، گروسری سٹورز، بیکریاں، فارمیسیز، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔