تاریخ اشاعت: June 9, 2026 - 12:15 PM
LDA Decides to End File Trading in Its Jurisdiction, Property Certificate to Become Mandatory from July 1
ایل ڈی اے حدود میں فائلوں کی خرید و فروخت ختم کرنے کا فیصلہ، یکم جولائی سے پراپرٹی سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا
▫️نجی ہاؤسنگ سکیمیں 30 جون تک اپنا ریکارڈ پیلرا کے ہاؤسنگ سوسائیٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے کی پابند
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے کی حدود میں واقع نجی اور سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں فائلوں کی خرید و فروخت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یکم جولائی 2026 سے پلاٹوں کی خرید و فروخت صرف پیلرا کے پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت نجی ہاؤسنگ سکیموں کے نمائندگان کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجراء، ریکارڈ کی ڈیجیٹل منتقلی اور ہاؤسنگ سکیموں کو یکساں سافٹ ویئر نظام سے منسلک کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ یکم جولائی سے ایل ڈی اے کی حدود میں کام کرنے والی تمام سکیموں میں فائلوں کی خرید و فروخت بند کر دی جائے گی۔ ان کے مطابق پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمیں 30 جون تک اپنا تمام ریکارڈ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سافٹ ویئر ہاؤسنگ سوسائیٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے کی پابند ہوں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نجی ہاؤسنگ سکیموں کے ریکارڈ کو پیلرا کے ایچ ایس ایم ایس سسٹم سے منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ یکم جولائی کے بعد شہری صرف پراپرٹی سرٹیفکیٹ پر پلاٹوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے، جبکہ اس نظام پر منتقل نہ ہونے والی سکیموں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
طاہر فاروق نے کہا کہ پراپرٹی سرٹیفکیٹ پر کیو آر کوڈ درج ہوگا، جس کے ذریعے پلاٹ سے متعلق تمام معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔ شہریوں کی آگاہی کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ انہیں نئے ڈیجیٹل نظام، پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور فائلوں کی خرید و فروخت کے خاتمے سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق نجی سکیموں کو یونیفارم سافٹ ویئر کے تحت سب رجسٹرار کے اختیارات دیے جا رہے ہیں، جبکہ ایل ڈی اے اور پیلرا مل کر نجی سیکٹر کو اس سافٹ ویئر کے استعمال کی تربیت فراہم کریں گے۔ نجی ہاؤسنگ سکیمیں ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے گرین سرٹیفکیٹ اور رجسٹری بھی خود جاری کر سکیں گی۔
اجلاس کے دوران نجی ہاؤسنگ سکیموں کے نمائندگان نے ڈیجیٹل اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت بڑھے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
اجلاس میں چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، ڈائریکٹرز میٹرو پولیٹن پلاننگ، چیئرمین آباد، نجی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان و نمائندگان، پیلرا، ایل ڈی اے اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان نے شرکت کی۔