تاریخ اشاعت: June 9, 2026 - 5:32 PM
LDA Seals 191 Properties in Major Operation Against Illegal Commercial Buildings
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 191 املاک سیل
▫️کارروائیاں گلبرگ، جوہر ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، مسلم ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران 191 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی جانب سے کی گئیں۔ آپریشن گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، سمسانی روڈ جوہر ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، نیو مسلم ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار سمیت ایل ڈی اے کے زیر کنٹرول مختلف علاقوں میں کیا گیا۔
حکام کے مطابق غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 28 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ سمسانی روڈ جوہر ٹاؤن میں 85 املاک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح کینال روڈ، گلشن راوی اور نیو مسلم ٹاؤن میں 43 املاک سیل کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار میں بھی کارروائی کرتے ہوئے 35 املاک سربمہر کر دیں۔ مجموعی طور پر آپریشن کے دوران 191 املاک کو سیل کیا گیا۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیز، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلون، کلینکس، گراسری سٹورز، بیکریاں، فارمیسیز، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ شہر میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی اور واجبات کی عدم ادائیگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایل ڈی اے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ونگز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔