تاریخ اشاعت: March 5, 2026 - 10:58 AM
Karachi Special Road Rehabilitation Program Finalized to Upgrade 183 Key Roads
کراچی میں 183 اہم شاہراہوں کی بحالی کا منصوبہ منظور
▫️ شہر کے ٹریفک نظام اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت.▫️ مرمت کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ
کراچی : ری نیوز پاکستان سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی اسپیشل روڈ ری ہیبلیٹیشن پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی، جس کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں م...
سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی اسپیشل روڈ ری ہیبلیٹیشن پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی، جس کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا عمل شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں میئر کراچی مرتضی وہاب نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (TMCs) کے دائرہ اختیار میں آنے والی 183 اہم سڑکوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شاہراہیں شہری ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور روزانہ ہزاروں شہریوں کے لیے مرکزی اور متبادل راستوں کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے میونسپل کمشنر کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری انتظامی اور قانونی مراحل فوری مکمل کرتے ہوئے ٹینڈرنگ کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے تاکہ منصوبے پر عملی کام جلد از جلد شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شہر کی بنیادی شہری اساس کی بحالی اور عوامی سہولیات میں بہتری آئے گی۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ سڑکوں کی بحالی کے بعد اسٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن کا منصوبہ بھی مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔ یہ اقدام شاہراہ فیصل پر کامیابی سے نافذ کیے گئے ماڈل کی طرز پر ہوگا، جہاں شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کے ذریعے توانائی کی بچت، اخراجات میں کمی اور بہتر روشنی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری بلدیات سید اظہر شاہ، میونسپل کمشنر کراچی ابرار جعفر اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی صدیقی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدداران بھی شریک ہوئے۔
یہ منصوبہ شہری آمدورفت کو بہتر بنانے، ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور کراچی کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔