تاریخ اشاعت: March 12, 2026 - 3:05 PM
Upgrade of Kasur to Municipal Corporation a milestone for city’s development: Saad Waseem Sheikh.
قصور کو میونسپل کمیٹی سے میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنا شہر کی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل قرار
▫️ بلدیاتی اختیارات اور ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی توقع. ▫️ شہری سہولیات اور انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی
قصور: ری نیوز پاکستان وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ نے قصور کو میونسپل کمیٹی سے میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے شہر کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ اپن...
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ نے قصور کو میونسپل کمیٹی سے میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے شہر کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قصور کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دلوانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل تھا تاکہ شہریوں کو وہ تمام بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں جو ایک بڑے شہر کا حق ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت پنجاب کے تعاون سے ممکن ہوئی۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے تعاون اور خصوصی دلچسپی پر وہ ان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے قصور کی انتظامی حیثیت میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے سے قصور میں ترقیاتی فنڈز میں اضافہ ہوگا اور بلدیاتی نظام مزید مؤثر ہوگا۔ اس کے ساتھ صفائی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط انتظامی ڈھانچے کی بدولت عوامی مسائل مقامی سطح پر جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔
آخر میں سعد وسیم شیخ نے عوامِ قصور کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔