تاریخ اشاعت: March 12, 2026 - 3:33 PM
New land reforms proposed to resolve property disputes and curb delays in revenue cases
جائیداد تنازعات کے فوری حل کیلئے نئی لینڈ ریفارمز متعارف کرانے کا فیصلہ
▫️ فرائض میں غفلت یا تاخیر پر پٹواریوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی. ▫️ مقدمات مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے پر جرمانے اور محکمانہ کارروائی متعارف
راولپنڈی : ری نیوز پاکستان جائیداد کے تنازعات میں غیر ضروری تاخیری مراحل ختم کرنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے نئی لینڈ ریفارمز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ راولپنڈی کمشنر کے دفتر میں منعقد اجلاس میں کیا گی...
جائیداد کے تنازعات میں غیر ضروری تاخیری مراحل ختم کرنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے نئی لینڈ ریفارمز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ راولپنڈی کمشنر کے دفتر میں منعقد اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت کمشنر عامر خٹک نے کی۔ اجلاس میں ریونیو نظام میں اصلاحات، شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فرائض میں غفلت یا عوامی مسائل کے حل میں تاخیر کرنے والے پٹواریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح جائیداد کے مقدمات مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں پر جرمانے اور محکمانہ کارروائی کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں معطل بھی کیا جا سکے گا۔
نئی لینڈ ریفارمز کا مقصد ریونیو معاملات میں تاخیر کا خاتمہ، کیسز کے بروقت فیصلے کو یقینی بنانا اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ریونیو سسٹم میں شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کے لیے تمام پٹواریوں اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شناختی یا ابتدائی نوعیت کے کیسز کو ڈپٹی کمشنر کی سطح پر ہی نمٹا دیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری عدالتی مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔ تاہم فریقین کو ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا قانونی حق حاصل ہوگا۔