تاریخ اشاعت: May 22, 2026 - 12:15 AM
One Constitution Avenue case: 13 more apartment owners file intra-court appeal in Islamabad High Court
ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس: مزید 13 اپارٹمنٹ مالکان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی
▫️اپیل کنندگان کا مؤقف ہے کہ مکمل ادائیگی کے بعد قبضہ حاصل کیا، بی این پی کمپنی کی نادہندگی یا خلاف ورزی سے کوئی تعلق نہیں
ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس میں مزید 13 سب لیز ہولڈرز اور اپارٹمنٹ مالکان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔
دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بنچ اس منصوبے کے تکمیل شدہ، باقبضہ رہائشی ٹاورز اور نامکمل تعمیری حصے کے درمیان واضح فرق کرنے میں ناکام رہا۔ اپیل کنندگان کے مطابق رہائشی ٹاورز مکمل ہونے کے بعد اپارٹمنٹ مالکان کو قبضہ دیا گیا، جہاں اس وقت خاندان رہائش پذیر ہیں۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ اپیل کنندگان اپارٹمنٹس کے خریدار ہیں، جنہوں نے مکمل ادائیگی کے بعد قانونی طور پر قبضہ حاصل کیا۔ ان کا بی این پی کمپنی کی مبینہ نادہندگی، معاہدہ جاتی خلاف ورزیوں یا کسی انتظامی تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ سنگل بنچ کے فیصلے سے سب لیز ہولڈرز کے حقوق کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بی این پی کمپنی پہلے ہی اربوں روپے کی نادہندہ ہے، اس لیے اپیل کنندگان کے لیے اپنی ادا شدہ رقوم کی واپسی مشکل ہو سکتی ہے۔
اپیل کنندگان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے قانونی اور مالی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور مکمل شدہ رہائشی اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر مالکان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔